Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 10th March
نئی دہلی، 10 مارچ: راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ لالو پرساد یادو کی مشکلات میں ایک بار پھر اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بہار اور دہلی میں لالو خاندان اور ان سے وابستہ افراد کے 15 ٹھکانوں پر چھاپے مارے ہیں۔ اسی سلسلے میں آر جے ڈی کے سابق ایم ایل اے سید ابو دوجانہ کے گھر پر چھاپہ ماری جاری ہے۔سرکاری ذرائع نے جمعہ کو بتایا کہ ای ڈی نے یہ کارروائی زمین کے بدلے نوکری کے معاملے میں کی ہے۔ مرکزی تفتیشی ایجنسی نے منی لانڈرنگ کے معاملے میں بیک وقت 15 مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔ بہار کے مختلف شہروں بشمول دہلی میں لالو پرساد کی بیٹیوں کی رہائش گاہ، گروگرام میں ایک پرائیویٹ بلڈر کے دفتر پر ای ڈی کے چھاپے جاری ہیں۔
آر جے ڈی لیڈر ابو دوجانہ کی پھلواری شریف رہائش گاہ پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ابو دجانہ کو آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو کا کافی قریب سمجھا جاتا ہے۔ وہ لالو خاندان کے بہار کے سب سے بڑے مال کے کام کو دیکھ رہے تھے جو پٹنہ کے ساگونا موڈ میں بن رہا ہے۔
دراصل، ابو دجانہ، جن کے گھر پر ای ڈی نے چھاپہ مارا ہے، لالو خاندان کی دیگر کئی کاروباری سرگرمیوں میں شامل ہونے کے الزامات کا سامنا کر تے رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی ایک ٹیم نے پیر کو بہار کی سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی سے لالو پرساد کے ریلوے منسٹر شپ کے دوران ‘نوکری کے عوض زمین’ معاملے میں ان کی رہائش گاہ پر پوچھ گچھ کی۔
تحقیقاتی ایجنسی نے نوکری کے لیے زمین کے معاملے میں پہلے ہی چارج شیٹ داخل کی ہے۔ اس معاملے میں خصوصی عدالت نے لالو پرساد اور ان کے اہل خانہ سمیت دیگر تمام ملزمان کو 15 مارچ کو طلب کیا ہے۔

