Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 1st March
استنبول ،یکم مارچ:ترک صدررجب طیب اردغان نے اپنے سابقہ منصوبے کے مطابق 14 مئی کو انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے اور کہا کہ ترکیہ میں تباہ کن زلزلے کے باوجود صرف تین ماہ بعد پولنگ ہوگی۔اس قدرتی آفت کے نتیجے میں پینتالیس ہزار سے زیادہ افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوگئے ہیں۔صدرطیب ایردوآن نے بدھ کو پارلیمنٹ میں اپنی حکمراں جماعت آق کے قانون سازوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ قوم 14 مئی کو وہ کرے گی جو ضروری ہوگا۔گذشتہ ماہ تباہ کن زلزلے کے بعد سے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کے انعقاد کے ممکنہ وقت کے بارے میں متضاد اشارے مل رہے تھے، کچھ ماہرین کا خیال تھا کہ انھیں اس سال کے آخر تک ملتوی کیا جاسکتا ہے یا 18 جون کو شیڈول کے مطابق منعقد کیا جاسکتا ہے۔اس تباہ کن قدرتی آفت سے پہلے صدر طیب ایردوآن کی مقبولیت شہریوں کی زندگی کی بڑھتی ہوئی لاگت اور ترک کرنسی لیرا میں مسلسل گراوٹ کی وجہ سے کم ہو کررہ گئی تھی۔انھیں ملک کی جدید تاریخ کے مہلک ترین زلزلے پر اپنی حکومت کے ردعمل پر تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔صدرایردوآن نے اس سے پہلے کہا تھا کہ وہ جون میں تعطیلات سے بچنے کے لیے مئی میں انتخابات کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وہ اپنے اقتدارکو تیسری دہائی تک طول دینا چاہتے ہیں لیکن رائے عامہ کے جائزوں سے پتاچلتا ہے کہ آیندہ انتخابات ان کے لیے اب تک کا سب سے بڑا سیاسی چیلنج پیش کریں گے۔انتخابی حکام کی اس صلاحیت کے بارے میں بھی شکوک و شبہات کا اظہار کیا گیا تھا کہ آیا وہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے مکینوں کی ووٹنگ کی تیاری اور لاجسٹک انتظامات کر سکتے ہیں۔