جموں کے مختلف ڈی ڈی سی کے چئیرپرسنس کی ایل جی منوج سنہا سے ملاقات

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 27th March

جموں، 27 مارچ: صوبہ جموں کے مختلف ضلع ترقیاتی کونسلوں (ڈی ڈی سی) کے چیئرپرسنس نے راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی۔ صراف سنگھ ناگ ڈی ڈی سی چیئرپرسن ریاسی، بھارت بھوشن چیئرپرسن جموں، کیشو دت شرما، ڈی ڈی سی چیئرپرسن سانبہ، کرنل (ریٹائرڈ) مہان سنگھ چیئرپرسن کٹھوعہ، لال چند چیئرپرسن ادھم پور اور دھنہنتر سنگھ چیئر پرسن ڈوڈہ نے لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ پی آر آئی کی ترقی اور مضبوطی سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کو اپنے ضلع کے مخصوص مسائل کے بارے میں آگاہ کیا اور ان کے جلد از جلد ازالے میں ان سے مداخلت کی اپیل کی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے پنچایتی راج اداروں کو بااختیار بنانے اور انتظامیہ اور پی آر آئی کے نمائندوں کے درمیان تعاون اور تال میل کو آسان بنانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ڈی ڈی سی چیئرپرسن کو بات چیت کے دوران پیش کردہ مسائل پر مناسب غور کرنے کا یقین دلایا۔ اس موقع پر مندیپ کور کمشنر سیکرٹری برائے محکمہ دیہی ترقی اور پنچایتی راج بھی موجود تھیں۔