Taasir Urdu News Network – MD. Arshad 28th March
پٹنہ ،28مارچ :(تاثیر بیورو)وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار سے 2022 بیچ کے انڈین فارن سروس کے 6 ٹرینی آفیسروں نے بہار اسمبلی کے توسیعی ہال کے احاطہ میں ملاقات کی ۔وزیر اعلیٰ نے ٹرینی آفیسروں کو شال پیش کر کے ان کا اعزاز کیا۔انڈین فارن سروس کے6 ٹرینی آفیسر، بہار کے اورنگ آباد ضلع کی رہنے والی شبھرا کماری، ضلع کٹیہار سے مسٹر امن اگروال، ضلع روہتاس سے مسٹر امن آکاش، بھاگلپور ضلع کے مسٹر راج آنند، بھاگلپور ضلع کے مسٹر انوراگ نین اور پرانی دہلی کے رہنے والے مسٹر لکشیہ آنند نے پہلے مرحلہ کی ٹریننگ کے دوران ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور اپنے تجربات بتائے۔وزیر اعلیٰ نے ملاقات میں شامل تمام ٹرینی انڈین فارن سروس افسران کو مبارکباد دی اور ان کے روشن مستقبل کی خواہش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پوری امید ہے کہ آپ سب ایک اچھے منتظم بن کر اپنا کام بہتر طریقے سے کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہار میں ترقی کے کئی کام کیے گئے ہیں۔ بہتر سڑکوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ کئی مشہور عمارتیں بھی تعمیر کی گئی ہیں۔ بین الاقوامی سطح کا بہار میوزیم بنایا گیا ہے۔ لڑکیوں اور خواتین کی بہتری کے لیے ہم لوگوں نے بہت سے کام کیے ہیں۔ بہار میں سیلف ہیلپ گروپ بنایا گیا اور ہم نے اس کا نام’جیویکا‘ رکھا۔ اس وقت کی مرکزی حکومت نے اسے دیکھا اور متاثر ہو کر اسے ’آجیویکا‘ کے نام سے پورے ملک میں چلایا۔ بہار میں 10 لاکھ سے زیادہ سیلف ہیلپ گروپ بنائے گئے ہیں اوراس سے ایک کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ جیویکا دیدیاں اس سے وابستہ ہیں۔ جیویکا دیدیوں کو بہت فائدہ ہو رہا ہے۔ ان کی آمدنی میں اضافہ ہو رہا ہے، ان کے بچے اچھی طریقہ سے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ خاندان کی مالی حالت بہتر ہو رہی ہے اور وہ اچھی زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیویکا دیدی اسپتالوں میں ’دیدی کی رسوئی‘ چلا رہی ہیں اور وہاں لوگوں کو اچھا کھانا فراہم کر رہی ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لڑکیوں کو پڑھانے کے لیے کئی اقدامات کیے گئے ہیں۔ اب اسکولوں میں لڑکیوں کی تعداد لڑکوں کے برابر ہو گئی ہے۔ حال ہی میں 12ویں امتحان کے نتائج شائع ہوئے جس میں لڑکیوں نے لڑکوں کے مقابلے نسبتاً بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ لڑکیوں کی تعلیم کی وجہ سے بہار کی زچگی کی شرح بھی کم ہو رہی ہے۔ جب ہم نے ریاست میں کام سنبھالاتھاتو ریاست کی زچگی کی شرح 4.3 تھی۔ لڑکیوں کے تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ، شرح پیدائش اب 2.9 پر آ گئی ہے۔ ہم اسے جلد ہی 2 پر لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس میں خواتین کو 35 فیصد ریزرویشن دیا گیا تھا اور اب ریاست میں خواتین پولیس کی تعداد بڑھ کر تقریباً 29 ہزار ہو گئی ہے۔ بہار میں ترقی کے کئی اچھے کام ہو رہے ہیں۔ راجگیر، گیا، بودھ گیا میں گنگا واٹر سپلائی اسکیم کے ذریعے لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی شکل میں گنگا کا پانی دستیاب کرایا جا رہا ہے اور یہ سہولت نوادہ میں جلد ہی دستیاب کرادی جائے گی۔ گیا میں ’گیاجی ڈیم‘ بنایا گیا ہے، جس کی وجہ سے پتروپکش میلے میں عقیدت مندوں کو کافی سہولت مل رہی ہے۔ ہم کام کرتے ہیں، تشہیر نہیں کر تے۔ بہار میں ہوئی تبدیلیوں کو آپ لوگ بھی دیکھیں اور سمجھیں اور کچھ تجاویز ہیں تو انہیں بھی شیئر کریں۔اس موقع پروزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری مسٹر دیپک کمار، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ، پرنسپل سکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ مسٹر بی راجندر اور وزیر اعلیٰ کے او ایس ڈی مسٹر گوپال سنگھ موجود تھے۔