جے کے ایس ایس بی کی طرف سے ملتوی امتحانات جلد منعقد ہوں گے:ایل جی سنہا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 15th March

جموں ،15 مارچ: جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈ کی طرف سے مختلف محکموں کی آسامیوں کو پْر کرنے کے لئے 16 مارچ سے شروع ہونے والے امتحانات کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔اس حوالے سے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کے روز کہا کہ کمپیوٹر پر مبنی امتحان کو ملتوی کیا گیا ہے اور جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈ کے مکمل طور پر مطمئن ہونے کے بعد یہ امتحانات جلد ہی منعقد کیے جائیں گے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے سنہا نے کہا کہ شفافیت ان کے لیے اولین ترجیح ہے اور اگر کوئی شکوک و شبہات ہیں تو اس کا ازالہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بھرتیاں میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں گی اور شفافیت ان کی اولین ترجیح ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔بتا دیں کہ جے کے ایس ایس بی کی طرف سے مختلف محکموں میں خالی آسامیوں کو پْر کرنے کے لئے 16 مارچ سے امتحان شروع ہونا تھا۔تاہم اس امتحان کو لینے کے لئے ایک ایسی کمپنی کو شامل کیا گیا جو بدعنوانی کے الزام میں کچھ ریاستوں میں پہلے ہی بلیک لسٹ کی گئی ہے۔اپٹیک کا نام سامنے آنے کے بعد جموں و کشمیر میں امیدواروں اور سیاسی جماعتوں نے زبردست احتجاج کیا۔اور فوری طور مذکورہ ایجنسی کو ہٹانے کا مطالبہ کیا۔منگل کے روز دیر رات جے کے ایس ایس بی نے ایک ٹویٹ کے ذریعے امتحان ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔اس فیصلے کا تمام سیاسی لیڈران و امیدواروں نے خیر مقدم کیا ہے۔