حکومت پارلیمنٹ کو کام کرنے نہیں دے رہی: کانگریس

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 14th March

نئی دہلی، 14 مارچ: کانگریس نے الزام عائد کیا ہے کہ مرکزی حکومت پارلیمنٹ کو کام کرنے کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور لوک سبھا ممبر ادھیر رنجن چودھری نے آج (منگل) میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب مرکزی حکومت کے وزرا پارلیمنٹ میں رخنہ ڈال رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی نے کچھ غلط نہیں کہا ہے۔ مودی حکومت ان پر جھوٹے الزامات عائد کر رہی ہے۔ راہل معافی کیوں مانگیں؟ انہوں نے کیا گناہ کیا ہے؟ جو لوگ پارلیمنٹ کو چلنے نہیں دے رہے، وہ معافی مانگیں۔
قابل ذکر ہے کہ بجٹ اجلاس کے دوسرے مرحلے کے پہلے دن پیر کو اس معاملے پر کافی شور و غل ہوا۔ دونوں ایوانوں کی کارروائی ملتوی کرنی پڑی۔ حکمراں جماعت کانگریس لیڈر راہل گاندھی سے معافی مانگنے کا مطالبہ کر رہی ہے۔ دراصل گزشتہ دنوں راہل گاندھی نے لندن میں کہا تھا کہ ’’ہماری پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈروں کے مائیک بندکر دیئے جاتے ہیں۔‘‘ راہل کے اس بیان پر بی جے پی ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کررہی ہے۔