دہلی کے سابق نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا کو 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیجا گیا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 6th March

نئی دہلی، 06 مارچ:دہلی کی راؤس ایونیو کورٹ نے دہلی ایکسائز گھوٹالہ معاملے میں گرفتار دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کو 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا ہے۔ سی بی آئی کی حراست ختم ہونے کے بعد سسودیا کو آج خصوصی جج ایم کے ناگپال کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ انہوں نے سسودیا کو عدالتی حراست میں بھیجنے کا حکم دیا۔سی بی آئی نے آج عدالت سے کہا کہ فی الحال انہیں سیسودیا کی تحویل کی ضرورت نہیں ہے لیکن 15 دن کے بعد ہم سی بی آئی کی تحویل مانگ سکتے ہیں۔ اس کے بعد عدالت نے سسودیا کو عدالتی تحویل میں بھیجنے کا حکم دیا۔ اب سسودیا کو 20 مارچ کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
4 مارچ کو عدالت نے سسودیا کی سی بی آئی حراست آج تک تک بڑھا دی تھی۔ اس سے پہلے 27 فروری کو عدالت نے منیش سسودیا کو 4 مارچ تک سی بی آئی کی تحویل میں بھیج دیا تھا۔ تقریباً آٹھ گھنٹے کی پوچھ گچھ کے بعد سسودیا کو سی بی آئی نے 26 فروری کو گرفتار کیا تھا۔سی بی آئی کے مطابق سسودیا دہلی کے ایکسائز وزیر کی حیثیت سے، وزراء￿ کے گروپ کی سربراہی کر رہے تھے۔ ہول سیلنگ ماڈل پر کوئی بحث نہیں ہوئی۔ سی بی آئی نے کہا تھا کہ یہ سارا معاملہ منافع کمانے کا ہے۔ ہول سیل سیلز میں منافع کا مارجن اچانک 5 فیصد سے 12 فیصد تک چلا گیا۔ اس کے لیے خفیہ طریقے سے سازش رچی گئی۔4 فروری کو عدالت نے سسودیا کی ضمانت کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے سی بی آئی کو نوٹس جاری کیا۔ عدالت نے درخواست ضمانت پر اگلی سماعت 10 مارچ کو کرنے کا حکم دیا تھا۔