سنجو سیمسن کو ورلڈ کپ میں نمبر 4 کی مل سکتی ہے ذمہ داری

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 27th March

نئی دہلی ، 27مارچ: 2011 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ہندوستانی کرکٹ ٹیم کوئی اور ورلڈ کپ جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔ اس دوران 50 اوورز کے 2 ورلڈ کپ ہوچکے ہیں اور دونوں میں ہندوستان سیمی فائنل ہار کر باہر ہوا ہے۔ 2019 میں منعقدہ آخری ون ڈے ورلڈ کپ میں،ہندوستان سیمی فائنل میچ میں نیوزی لینڈ سے شکست کھا کر ورلڈ کپ سے باہر ہو ا تھا۔ اس ورلڈ کپ میں ہندوستان کے لیے سب سے بڑا مسئلہ نمبر 4 پر بیٹنگ کرنا تھا۔ ہندوستان کے پاس چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرنے کے لیے کوئی خاص بلے باز نہیں تھا اور اس بار یعنی 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں بھی یہی مسئلہ ہندوستان کے سامنے ایک بار پھر آتا دکھائی دے رہا ہے۔ تاہم بی سی سی آئی کی نئی کنٹریکٹ لسٹ کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ سنجو سیمسن 2023 میں ہونے والے ونڈے ورلڈ کپ کے دوران نمبر 4 پر بیٹنگ کا مسئلہ حل کر سکتے ہیں۔کرکٹ ماہرین کا خیا ل ہے کہ سنجو سیمسن کو ون ڈے ٹیم میں مستقل جگہ ملنی چاہیے۔ آسٹریلیا کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز کے دوران سنجو سیمسن کو ٹیم میں شامل کرنے کی وکالت زور و شور سے کی جا رہی تھی۔ اب بی سی سی آئی نے سنجو سیمسن کو پہلی بار اپنی سالانہ کنٹریکٹ لسٹ میں شامل کیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بی سی سی آئی اب سنجو کو ون ڈے کرکٹ ٹیم میں جگہ دے سکتا ہے۔ سنجو سیمسن کو بی سی سی آئی کی سالانہ کنٹریکٹ لسٹ میں گریڈ-سی کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔موجودہ حالات کے مطابق شریس ایئر ہندوستانی ونڈے کرکٹ ٹیم میں نمبر 4 پوزیشن کے لیے موزوں ترین بلے باز ہیں لیکن وہ اس وقت اپنی انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہیں۔ آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز میں شریس ایئر کے بجائے ٹیم انڈیا نے سوریہ کمار یادو کو چوتھے نمبر پر کھیلنے کا موقع دیا تھا لیکن سوریا لگاتار تینوں ون ڈے میچوں میں صفر پر آؤٹ ہوکر اپنے نام بدترین ریکارڈ بنا چکے ہیں۔ ان کی خراب فارم کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ آنے والے ونڈے میں ٹیم سنجو سیمسن کو چوتھے نمبر پر بھی آزما سکتی ہے ۔