سنگل ونڈو آپریٹر اسسٹنٹ یونین نے اپنے مطالبہ کو لیکر کلکٹریٹ کے سامنے کیا مظاہر

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 16th March

   سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) بہار اسٹیٹ سنگل ونڈو آپریٹرس اور ملٹی پرپس اسسٹنٹ ایسوسی ایشن کے اعلان پر ضلع رجسٹریشن کاؤنسلنگ سینٹر اور بہار اسٹیٹ ایجوکیشن فائنانس کارپوریشن میں کنٹریکٹ کی بنیاد پر کام کرنے والے سنگل ونڈو آپریٹرس اور ملٹی پرپس اسسٹنٹ نے آج روہتاس کے ضلع ہیڈکوارٹر سہسرام ​​میں مظاہرہ کیا . یونین کے صدر رادھے کرشن کمار نے اپنے خطاب میں کہا کہ بہار حکومت کو کئی مکتوب لکھنے کے باوجود ابتک مزدوروں کی مانگ پوری نہیں ہوئی جسکے خلاف مرحلہ وار تمام ضلعی ہیڈکوارٹروں اور ریاستی ہیڈکوارٹر میں پرامن مظاہرے کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی حکومت کی طرف سے کارکنوں کے مطالبے پر صرف یقین دہانی کرائی گئی تھی جسے ہر کوئی دھوکہ سمجھ رہا ہے لہذا ملازمین کے مفاد میں سنگل ونڈو آپریٹر اور ملٹی پرپس اسسٹنٹ یونین رضاکارانہ منتقلی، تنخواہ میں اضافہ، ہمدردانہ فائدہ، سود کے ساتھ محفوظ جمع رقم کی واپسی اور اعلیٰ سطحی چودھری کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد وغیرہ کا مطالبہ کرتی ہے ۔ یونین کی ترجمان پوجا کماری نے کہا کہ اگر حکومت نے مزدوروں کے مطالبات پر مثبت غور نہیں کیا تو مزدور غیر معینہ مدت کی ہڑتال پر جانے پر مجبور ہو جائینگے ۔ مظاہرہ کے دوران کیشو کنہیا، روہن کمار، سونی کماری، رنجیت، چندن کمار، دین دیال، وویک کمار، سوجیت، سچن، اقبال، راہل، وکاس کے ساتھ بڑی تعداد میں اہلکار موجود تھے ۔