Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 03 March
نئی دہلی ، 03 مارچ (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو کہا کہ ہندوستان میں سیاحت کے شعبے کو ایک نئی اونچائی دینے کے لیے باہر کی سوچ اور طویل مدتی منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی مقامات کی بحالی سے سیاحت کو فروغ ملا ہے ، گزشتہ سال 7 کروڑ لوگوں نے کاشی وشوناتھ دھام کا دورہ کیا تھا۔وزیر اعظم مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ’ ڈیولپمنٹ ٹورازم مشن ‘ کو فروغ دینے سے متعلق پوسٹ بجٹ ویبینار سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا’ نیو انڈیا‘ ایک نئے کام کی ثقافت کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ اس بار بھی بجٹ کی خوب تعریفیں ہوئیں۔ ملک کے عوام نے اسے مثبت انداز میں لیا ہے۔ 20 سال سے زائد عرصے تک حکومت کے سربراہ کے طور پر کام کرنے کے تجربے کی رو سے گفتگو کرتے ہوئے، وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ مطلوبہ نتائج مقررہ وقت کے اندر اس وقت حاصل کیے جاتے ہیں جب تمام اسٹیک ہولڈرز حکومت کی جانب سے کیے گئے کسی بھی اسٹریٹجک فیصلہ کے ساتھ خود کو ہم آہنگ کرتے ہیں۔ انہوں نے ان پوسٹ بجٹ ویبینار کے ذریعے موصول ہونے والی تجاویز پر خوشی کا اظہار کیا جو اب تک منعقد کیے گئے ہیں۔وزیر اعظم نے ہندوستان میں سیاحت کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے روایت سے ہٹ کر سوچنے اور آگے کی منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ سیاحتی مقام کی ترقی سے پہلے پیمانوں پر روشنی ڈالتے ہوئے، وزیر اعظم نے اس جگہ کی صلاحیت، منزل تک سفر کرنے میں آسانی، اور منزل کو فروغ دینے کے نئے طریقے اْجاگر کئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان پیمانوں پر زور دینے سے مستقبل کے لیے روڈ میپ تیار کرنے میں مدد ملتی ہے۔ وزیر اعظم نے ملک میں سیاحت کے وسیع دائرہ کار پر روشنی ڈالی اور ساحلی سیاحت، بیچ سیاحت، مینگروو ٹورازم، ہمالیہ کی سیاحت، ایڈونچر ٹورازم، وائلڈ لائف ٹورازم، ایکو ٹورازم، ہیریٹیج ٹورازم، روحانی سیاحت، شادی کے مقامات، کانفرنسوں کے ذریعے سیاحت اور سیاحت اور کھیل سیاحت کا ذکر کیا۔ انہوں نے رامائن سرکٹ، بدھا سرکٹ، کرشنا سرکٹ، شمال مشرقی سرکٹ، گاندھی سرکٹ، اور تمام سنتوں کی تیرتھ یاترا کی مثال بھی دی اور اس پر اجتماعی طور پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ اس سال کے بجٹ میں مسابقتی جذبے اور چیلنج کے راستے کے ذریعے ہندوستان میں متعدد مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ مقامات کی مجموعی ترقی پر بھی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ جناب مودی نے اس پر تفصیلی بات چیت کرنے کو کہا کہ اس عمل میں کس طرح مختلف اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جا سکتا ہے۔وزیر اعظم نے اس مفروضہ کا پردہ فاش کیا کہ سیاحت صرف ملک کے اعلی آمدنی والے گروہوں سے وابستہ ایک پسندیدہ نفیس لفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یاترا ئیں صدیوں سے ہندوستان کی ثقافتی اور سماجی زندگی کا ایک حصہ رہی ہیں اور لوگ اس وقت بھی تیرتھ یاترا پر جاتے تھے کہ جب ان کے پاس وسائل بھی دستیاب نہیں ہوتیتھے۔ انہوں نے چار دھام یاترا، دوادش جیوترلنگ یاترا، 51 شکتی پیٹھ یاترا کی مثال دی اور کہا کہ اس کا استعمال ہمارے عقیدے کے مقامات کو جوڑنے کے ساتھ ساتھ ملک کے اتحاد کو مضبوط کرنے کے لیے بھی کیا جاتا ہے۔ یہ دیکھتے ہوئے کہ ملک کے کئی بڑے شہروں کی پوری معیشت ان یاتراؤں پر منحصر ہے، وزیر اعظم نے یاترا کی پرانی روایت کے باوجود وقت کے مطابق سہولیات کو بڑھانے کے لیے ترقی کی کمی پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ سینکڑوں سال کی غلامی اور آزادی کے بعد کی دہائیوں میں ان مقامات کو سیاسی طور پر نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ سے ملک کو نقصان پہنچا۔ وزیراعظم نے کہا‘‘آج کا ہندوستان اس صورتحال کو بدل رہا ہے’’، انہوں نے مزید کہا کہ سہولیات میں اضافہ سیاحوں کے درمیان کشش میں اضافہ کا باعث بنتا ہے۔ انہوں نے وارانسی میں کاشی وشوناتھ دھام کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ مندر کی تعمیر نو سے پہلے ایک سال میں تقریباً 80 لاکھ لوگ اس مندر کو دیکھنے آتے تھے لیکن تزئین و آرائش کے بعد پچھلے سال سیاحوں کی تعداد 7 کروڑ سے تجاوز کر گئی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کیدارگھاٹی میں تعمیر نو کا کام مکمل ہونے سے پہلے صرف 4-5 لاکھ کے مقابلے 15 لاکھ عقیدت مند بابا کیدار کے دیدار کے لیے گئے ہیں۔ اسی طرح گجرات کے پاوا گڑھ میں وزیر اعظم نے بتایا کہ 80 ہزار یاتری ماں کالیکا کے درشن کے لیے جاتے ہیں جب کہ تزئین و آرائش سے پہلے صرف 4 سے 5 ہزار لوگ بھی جاتے تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سہولیات میں اضافے کا براہ راست اثر سیاحوں کی تعداد پر پڑتا ہے اور بڑھتی ہوئی تعداد کا مطلب روزگار اور خود روزگار کے مزید مواقع ہیں۔ وزیر اعظم نے اسٹیچو آف یونٹی کا بھی حوالہ دیا، جو دنیا کا سب سے اونچا مجسمہ ہے اور بتایا کہ اس کی تکمیل کے ایک سال کے اندر 27 لاکھ سیاح اس جگہ کا دورہ کر چکے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بڑھتی ہوئی شہری سہولیات، اچھی ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی، اچھے ہوٹل اور ہسپتال، صاف صفائی اور بہترین انفراسٹرکچر کے ساتھ ہندوستان کا سیاحت کا شعبہ کئی گنا بڑھ سکتا ہے۔ہندوستان میں غیر ملکی سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر روشنی ڈالتے ہوئے، وزیر اعظم نے ہندوستان کی طرف بڑھتی ہوئی کشش کا ذکر کیا اور بتایا کہ اس سال جنوری میں 8 لاکھ غیر ملکی سیاح ہندوستان آئے ہیں جبکہ پچھلے سال جنوری میں یہ تعداد صرف 2 لاکھ تھی۔ وزیر اعظم نے ایسے سیاحوں کی جن کے پاس زیادہ سے زیادہ خرچ کرنے کی صلاحیت ہے، پروفائل بنانے اور انہیں ملک کی طرف راغب کرنے کے لیے خصوصی حکمت عملی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان آنے والے غیر ملکی سیاح اوسطاً 1700 امریکی ڈالر خرچ کرتے ہیں، جب کہ بین الاقوامی سیاح امریکہ میں اوسطاً 2500 امریکی ڈالر اور آسٹریلیا میں 5000 امریکی ڈالر خرچ کرتے ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا ‘‘ہندوستان کے پاس زیادہ خرچ کرنے والے سیاحوں کو پیش کرنے کے لیے بہت کچھ ہے’’،۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ہر ریاست کو اس سوچ کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کے لیے اپنی سیاحتی پالیسی کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پرندوں کو دیکھنے والوں کی مثال دی جو مہینوں تک ملک میں ڈیرہ ڈالتے ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ ایسے ممکنہ سیاحوں کو نشانہ کو ذہن میں رکھتے ہوئے پالیسیاں بنائی جانی چاہئیں۔خطاب کے اختتام پر وزیراعظم نے یقین ظاہر کیا کہ یہ ویبینار سیاحت سے متعلق ہر پہلو پر سنجیدگی سے غور کرے گا اور بہتر حل نکالے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں زراعت، رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ، انفراسٹرکچر اور ٹیکسٹائل میں جو صلاحیت ہے سیاحت میں بھی وہی صلاحیت موجوود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں ہمیں سیاحت کے شعبے کو نئی بلندیوں پر پہنچانے کے لیے آؤٹ آف دی باکس (باکس سے باہر) سوچنا ہوگا اور طویل مدتی منصوبہ بندی کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی سیاحتی مقام کو ترقی دینے کی بات آتی ہے تو تین سوال بہت اہم ہوتے ہیں۔ اول- اس جگہ کی کیا صلاحیت (امکان) ہے۔ دوسرا- سفر کی آسانی کے لیے وہاں انفراسٹرکچر کی کیا ضرورت ہے ، اسے کیسے پورا کیا جائے گا۔ تیسرا – آپ پروموشن کے لیے کون سی نئی چیزیں کریں گے؟