Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 31ST March
واصف واعظی
امام وخطیب ٹیلے شاہ مسجد،لکھنؤ
رمضان کا مہینہ باقی مہینوں کا سردار ہے، اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کے گناہوں کو معاف کرنے کیلئے رمضان المبارک کا مقدس مہینہ مسلمانوں کو تحفہ عطا کیا ہے جس میں مسلمان اپنے سابقہ گناہوں کی بخشش اپنے رب سے طلب کرتے ہیں۔
انسان کائنات میں رہتے ہوئے جو کوئی بھی کام کرتا ہے اس کی غرض و غایت اور مقصد ہوتا ہے اسی طرح اللہ تعالیٰ نے رمضان المبارک کی غرض و غایت اور مقصد تقویٰ کو قرار دیا ہے ایک مسلمان روزہ کی وجہ سے برائیوں کو ترک کر دیتا ہے اور نیکیوں کی طرف راغب ہوتا ہے جس کی وجہ سے اس کا ایمان بڑھ جاتا ہے۔رمضان المبارک رحمتوں ، برکتوں اورنزول قرآن کا مہینہ ہے۔ اس میں لیلۃ القدر آتی ہے۔ یہ اللہ کا مہینہ ہے۔ اس کا پہلا عشرہ رحمت، درمیانی مغفرت اور آخری عشرہ جہنم سے آزادی کا ہے، یہ نیکیوں کے موسم بہار اور برائیوں کے موسم خزاں کا مہینہ ہے ، جس میں رب کی خوشنودی اور جنت کے حصول حاصل ہوتا ہے۔روزہ اسلام کے بنیادی ارکا ن میں سے ہے۔ اس کے معنی رُک جانا۔ یعنی اللہ تعالیٰ کے حکم سے دن بھر کھانے پینے ا ور تما م جائز خواہشات سے رْکے رہنا، رمضان کی اہمیت کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد ؐسے ارشاد فرمایا کہ اگر مجھے آپ کی اُمت کو جہنم میں ہی جلانا ہوتا تو رمضان کا مہینہ کبھی نہ بناتا۔اللہ عزو جل قرآن پاک میں ارشاد فرماتا ہے کہ’’اے ایمان والوں تم پر روز ے فرض کئے گئے ہیں جیسا کہ تم سے پہلے لوگوں پر کئے گئے تا کہ تم متقی اور پر ہیز گار بن جاؤ‘‘۔
ماہ رمضان کا پہلا عشرہ عنقریب مکمل ہونے والا ہے۔ جی ہاں ، یہ دس دن پلک جھپکتے گزر گئے اور پتہ بھی نہیں چلا۔ لیکن پہلے عشرہ کے ختم ہوتے ہی کچھ سوال ذہن میں آتے ہیں ، اور وہ سوال یہ ہیں کہ ان خصوصی دنوں میں ہمارے نامہ اعمال اور ہمارے حق میں یاہمارے خلاف کیا ہوا ہے ؟اگرچہ بہت سے سوال ہیں ہمارے ذہن میں، ظاہر ہے ہم سب کچھ نہ کچھ ٹارگیٹ بناتے ہیں اس پاک مبارک مہینہ کیلئے۔ چلئے انہیں اپنی ترجیحات کے حوالہ سے دیکھیں۔
پہلا سوال: ہم اپنے آپ کو تبدیل کرنے کی کتنی کوشش کر رہے ہیں ؟انسان بھی ویسا ہی ہے جیسی دوسری مخلوقات ہیں، لیکن ہم میں اور ان میں فقط یہ فرق ہے کہ ہمارے پاس خواہشات اور عادات والا نفس ہوتا ہے۔ رمضان کے شروع ہوتے ہی ہم مسلمان اپنے آپ کو گناہوں سے کنارہ کشی اختیار کرنے کی کوشش کرتے ہیں جیسے کی گانے سننا ، غیبت کرنا ، جھوٹ بولنا، ٹریفک جام کے دوران غصہ کا اظہار کرنا ، اپنے گھر والوں پر بلا وجہ ناراضگی ظاہرکرنا اور بھی بہت بے جاخرافات سے۔مگر کیا آپ بری باتوں کو خود سے دور رکھنے میں کامیاب ہوپاتے ہیں ؟ کیا آپ کو ابھی بھی ان تمام منفی چیزوں کو کرنے کاخیال آتا ہے ؟ اس بات پر غور کیجئے کیونکہ ابھی بھی بیس دن باقی ہیں۔
دوسرا سوال: کیا ہم قران پاک کو صحیح طریقہ سے پڑھتے ہیں؟ہم میں ایسے بہت سے مسلمان ہیں جو کلام اللہ کو صحیح تلفظ کی ادائیگی سے نہیں پڑھ پاتے ہیں کیونکہ عربی حروف سے ہماری واقفیت کم ہی ہوتی ہے جبکہ جدید تکنیک کے واضح ہونے سے سب کچھ انٹر نیٹ پر موجود ہے۔ کیا آپ نے کبھی ترتیل سے قرآن پاک کو پڑھنے کی کوشش کی ؟ کیا آپ صرف قران شریف دہراتے ہیں یا آپ قران شریف کو مخرج کی ادائیگی کے ساتھ پڑھتے ہیں جس طرح قرآن پاک میں کہا گیا ہے ؟
تیسرا سوال:کیا ہم نماز تراویح اور نفل نماز کو وقت پر ادا کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں؟ماہ رمضان کی برکت سے جو سب سے پہلی چیز ہوتی ہے وہ یہ ہے کہ ہمیں طرززندگی حاصل ہو۔ ہم مناسب ا ور صحیح کھانا کھانے لگتے ہیں ، ہم وقت پر سونے اور بیدار ہونے لگتے ہیں اور ہم پانچوں وقت کی نمازادا کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ عام طور ہم فجر ، ظہر ، عصر کی نماز ادا کرتے ہیں لیکن جب بات مغرب اور عشاء کی آتی ہے تو زیادہ پانی اور افطار کرنے کی وجہ سے ہم ان دونوں نمازوں کواداکرنے میںتساہلی برتتے ہیں۔ ہم میں سے کچھ ایسے ہیں جو ایک دو منٹ کے وقفہ کے نام پر آدھا ایک گھنٹہ آرام کرلیتے ہیں اور نماز کو جو ترجیح دینی چاہئے وہ نہیں دیتے۔
چوتھا سوال: کیا آپ اپنی رمضان کی عادتوں کو بعد میں بھی جاری رکھتے ہیں ؟ہم مسلمان ایک ماہ تک روزہ رکھتے ہیں اور تمام برائیوں سے دور رہتے ہیں لیکن سوچنے والی بات یہ ہے کہ کیا ہم اسے اپنی اصل زندگی یا رمضان کے بعد بھی ان عادتوں کو جاری رکھتے ہیں؟ کیا ہماری پانچوں وقت کی نمازیں یا دوسرے اچھے کام صرف رمضان کیلئے مقرر ہیں؟ کیا ہمیں ان اچھائیوں کی بعد میں ضرورت نہیں ؟
پانچواں سوال: کیا ہم روزہ ، اس کے اصل مقصد کے تحت ہی مکمل کرتے ہیں؟رمضان کا مطلب روزہ رکھنا یا دعوت اور پارٹی کرنا نہیں ہے۔ یہ وہ پاک مہینہ ہے جس میں ہم اللہ سے روبرو ہوتے ہیں اور اپنے معبود حقیقی سے گناہوں کی معافی طلب کرتے ہیں اور اپنے کھوئے ہوے روحانی اقدارکو واپس اپنی زندگی میں شامل کرتے ہیں۔کیا ہم گزشتہ سات آٹھ روز سے دن بھر کاروزہ اپنی اسی نیت سے رکھ رہے ہیں ؟ یا روزہ رکھنا ہمارے مذہب اسلام میں ضروری ہے اس لئے؟ ۔لہٰذا ہمیں اپنے آپ پرغور وفکر کرنے کی ضرورت ہے۔
****************
7786939111