Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 03 March
-
پٹنہ :03مارچ (تاثیر بیورو)تمل ناڈو میں بہار ی مزدوروںپر حملے کے سلسلے میں بھارتیہ جنتا پارٹی ایوان میں لگاتار معاملے کو اٹھاکر ہنگامہ کر رہی ہے۔ اس بیچ سچائی کو جاننے کیلئے بہار حکومت کے افسران کی ایک ٹیم تمل ناڈو جائے گی ۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار نے چیف سکریٹری عامر سبحانی اور ڈی جی پی آر ایس بھٹی کے ساتھ میٹنگ کر کے یہ ہدایت دی۔ حز ب مخالف کے لیڈر وجے سنہا نے بتایا کہ انہو ں نے سمراٹ چودھری اور دیگر ممبران کے ساتھ آج وزیراعلیٰ سے ملاقات کی ۔ انہو ںنے کہا کہ ہم لوگوں نے سی ایم سے مطالبہ کیا کہ بہار سے ایک کل جماعتی ٹیم افسران کے ساتھ تمل ناڈو بھیجاجائے۔ اس پر وزیراعلیٰ نے ڈی جی پی اور چیف سکریٹری کو طلب کرکے ہدایت دی کہ حقائق کا پتہ لگانے کیلئے افسران کی ٹیم کل ہی بھیجی جائے۔انہوںنے یہ بھی کہا کہ جو بھی لوگ تمل ناڈو سے بہار آنے چاہتے ہیں اسے واپس لایا جائے گا۔ اسمبلی اجلاس کے آج پانچویں دن تمل ناڈو میں بہاریوں پر ہورہے حملے کے سلسلے میں حزب مخالف اور حکومت آمنے سامنے ہیں۔ حزب مخالف کے لیڈر وجے سنہا نے کہاکہ تمل ناڈو میں مزدوروں کے ساتھ افسوسناک واقعہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس معاملے میں تمل ناڈو کے ڈی جی پی جھوٹ بول رہے ہیں۔ جموئی اور مونگیر کے لوگ ڈرے ہوئے ہیںاور وہاں سے بھاگ رہے ہیں۔ تمل ناڈو میں ایک ٹیم بناکر بھیجنی چاہئے اور جانچ ہونی چاہئے۔ جناب سنہا کے الزام پر تیجسوی یادو نے کہا کہ تمل ناڈو میں بہار کے سبھی مزدور محفوظ ہیں اس پر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ جو بھی معاملہ ہے حکومت اس کی جانچ کرے گی۔