Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 16th March
جموں،16 مارچ:جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے دورہ خطہ پیر پنچال کے دوران پونچھ میں نواگرہ مندر کا بھی دورہ کیا۔بتادیں کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی ضلع پونچھ کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ اس دوران وہ پونچھ بارڈر پر واقع نواگرہ مندر پہنچی۔ یہاں انہوں نے پورے مندر کا چکر لگایا اور شیولنگ کو پانی بھی چڑھایا۔ انہوں نے مندر کے احاطے میں بنے یشپال شرما کی مورتی پر پھول بھی نچھاور کئے۔
پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی کے مندر کے درشن اور شیو لنگ پر پانی چڑھانے پر بھی سیاسی بیان بازی شروع ہوگئی ہے۔بھارتیہ جنتا پارٹی نے محبوبہ مفتی کے شیو درشن کو مذاق قرار دیا ہے۔ نواگرہ مندر میں مورتیوں کے درشن اور شیولنگ پر پانی چڑھانے کو منافقت بتاتے ہوئے بی جے پی نے کہا کہ سال 2008 میں انہوں نے امرناتھ جی شرائن بورڈ کو زمین الاٹ کرنے کی مخالفت کی تھی اور آج وہ یہ چال چل رہی ہے۔مسلم مذہبی رہنماؤں نے بھی محبوبہ مفتی سے شیولنگ کی پوجا کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمارے مذہب میں یہ سب کرنا نامناسب ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیو اور مندر کی پوجا کرنا ہمارے مذہب میں نامناسب ہے۔پی ڈی پی سربراہ کے مندر کے دورے پر مسلسل بیان بازی کے درمیان محبوبہ مفتی نے خود اب اس پر خاموشی توڑ دی ہے۔ محبوبہ مفتی نے سیاست پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ ہم ایک سیکولر ملک میں رہتے ہیں، جہاں گنگا جمنا کلچر ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ مندر یشپال شرما نے بنایا تھا اور ان کا بیٹا چاہتا تھا کہ میں مندر کے اندر جاؤں ،مندر بہت خوبصورتی سے بنایا گیا ہے۔ اس کے بعد مجھے کسی نے پانی سے بھرا برتن دیا تو انکار کرنا غلط ہوتا، اس لیے میں نے یہ عمل کیا۔ مجھے کسی نے عقیدت سے پانی دیا تو میں نے اس وقت انکار کرنا مناسب نہ سمجھا۔ میں نے پانی پیش کیا۔شیو مندر میں پوجا کرنے پر مسلم مذہبی رہنماؤں اور دیوبند کے ایک مولانا کی مذمت پر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا کہ یہ میرا ذاتی معاملہ ہے۔محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ یہاں ہندو مسلمان مل جل کر رہتے ہیں۔ مسلمانوں سے زیادہ ہندو ہمارے مزار پر جاتے ہیں۔ میں نے مندر میں شیو لنگ پر پانی چڑھایا ہے یہ میرا ذاتی معاملہ ہے، اس میں کسی کو بولنے کی ضرورت نہیں ہے