ٹریکٹر ٹرالی اور بس میں تصادم، 8 افراد ہلاک

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 03 March

انبالہ: 03مارچ (ایجنسی )ہریانہ کے انبالہ میں ایک اندوہناک حادثہ پیش آیا۔ رپورٹ کے مطابق کاکڑ ماجرا گاؤں کے قریب لوہے کی چادروں سے لدے ٹریکٹر ٹرالی مسافروں سے بھری بس سے ٹکرا گئے۔ اس سڑک حادثے میں 8 لوگوں کی موت ہو گئی، جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی بتائے جاتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بس میں تقریباً 70 مسافر سوار تھے۔ حادثہ جمعہ کی صبح تقریباً 4 بجے پیش آیا۔اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی نارائن گڑھ ارشدیپ سنگھ اسٹیشن انچارج شہزاد پور بیربھان پولیس ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ حادثے کے بعد شاہراہ کے دونوں اطراف جام لگ گیا۔ دونوں گاڑیوں کو بڑی کرین منگا کر سڑک سے ہٹایا گیا اور تقریباً دو گھنٹے بعد ٹریفک بحال ہو سکا۔رپورٹ کے مطابق بریلی سے تقریباً 70 مسافروں کو لے کر بس جمعرات کی شام تقریباً پانچ بجے بدّی کے لئے روانہ ہوئی تھی اور جیسے ہی بس آج صبح تقریباً پانچ بجے کاکڑ ماجرا کے قریب پہنچی، یہ حادثہ پیش آیا۔ پولیس کارروائی میں مصروف ہے۔