ٹوائلٹ میں سگریٹپی ، پھر جہاز کا گیٹ کھولنے کی کوشش، امریکی شہری نے ایئر انڈیا کی پرواز میںکیا ہنگامہ برپا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 12th March

ممبئی،12مارچ: امریکی شہری کے خلاف فلائٹ کے باتھ روم میں سگریٹ نوشی اور دیگر مسافروں کے ساتھ بدتمیزی کرنے پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ممبئی پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ 37 سالہ رماکانت کے خلاف 11 مارچ کو ممبئی کے سہار پولس اسٹیشن میں فلائٹ کے درمیان میں تکلیف پہنچانے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ملزم ایئر انڈیا کی لندن-ممبئی فلائٹ میں سفر کر رہا تھا۔ممبئی پولیس کے مطابق انڈین پینل کوڈ (آئی پی سی) سیکشن 336، ایئر کرافٹ ایکٹ 1937، 22، 23 اور 25 (سگریٹ نوشی کے لیے) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایئر انڈیا کے عملے کے رکن نے سہار پولیس کو بتایا کہ فلائٹ میں سگریٹ نوشی کی اجازت نہیں ہے۔ ملزم باتھ روم گیا تو الارم بجنے لگا اور ہم سب عملہ باتھ روم کی طرف بھاگا۔ ہم نے دیکھا کہ اس کے ہاتھ میں سگریٹ تھا۔ ہم نے فوراً اس کے ہاتھ سے سگریٹ پھینک دیا۔ اس کے بعد اس نے عملے کے تمام ارکان پر چیخنا چلانا شروع کر دیا۔ کسی طرح ہم اسے سیٹ پر لے گئے۔ لیکن کچھ دیر بعد اس نے جہاز کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی۔ اس کے رویے سے تمام مسافر خوف زدہ ہو گئے اور اس نے فلائٹ میں چالاکیاں کرنا شروع کر دیں۔ وہ ہماری بات سننے کے لیے تیار نہیں تھا اور چلا رہا تھا۔ پھر ہم نے اس کے ہاتھ پاؤں باندھ کر اسے سیٹ پر بٹھا دیا۔ اس کے بعد ملزم نے اپنا سر پیٹنا شروع کر دیا۔پولس نے کہامسافروں میں سے ایک ڈاکٹر تھا، اس نے آکر اس کا معائنہ کیا۔ تب رماکانت نے کہا کہ اس کے بیگ میں کچھ دوائی تھی، لیکن بیگ کی جانچ پڑتال کرنے پر ایک ای سگریٹ ملی۔ پرواز کے اترنے کے بعد مسافر رماکانت کو سہار پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ اسے حراست میں لے کر آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزم ہندوستانی نژاد ہے لیکن امریکہ کا شہری ہے اور اس کے پاس امریکی پاسپورٹ ہے۔پولیس نے کہاہم نے ملزم کے نمونے کو طبی معائنے کے لیے بھیج دیا ہے تاکہ اس بات کی تصدیق کی جا سکے کہ آیا وہ نشے کی حالت میں تھا یا ذہنی طور پر پریشان تھا۔