پاکستان: صوبہ خیبرپختونخوا میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 17th March

اسلام آباد، 17 مارچ: پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں ایک گھر میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے دس افراد ہلاک ہو گئے۔ تین افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ایک شخص لاپتہ بتایا جا رہا ہے۔اطلاعات کے مطابق پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع کوہستان کے علاقے سیری پتن میں ایک گھر میں زبردست آگ لگ گئی۔ موقع پر پہنچنے والے امدادی اور ریسکیو اہلکاروں نے آگ میں پھنسے تیرہ افراد کو باہر نکالا جن میں سے دس افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ تین افراد شدید زخمی ہیں جنہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق آگ لگنے سے قبل گھر میں چودہ افراد موجود تھے۔ ایک شخص لاپتہ بتایا جا رہا ہے جس کی تلاش جاری ہے۔بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا کے اس پہاڑی علاقے میں زیادہ تر گھر لکڑی سے بنے ہیں جو کہ آگ لگنے کی صورت میں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو جاتے ہیں۔ آگ کا نشانہ بننے والے گھر میں بھی ایسا ہی ہوا۔امدادی کارکنوں نے بتایا کہ گھر کی چھت میں آگ لگی تھی جس کے بعد چھت ٹوٹ کر اہل خانہ پر گری۔ بتایا جا رہا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔صوبہ خیبر پختونخوا کے گورنر غلام علی اور قائم مقام وزیر اعلیٰ اعظم خان نے واقعے پر دکھ کا اظہار کیا اور سوگواران سے اظہار تعزیت کیا۔