کانگریس حکومت پانچ سال بھی پورے نہیں کر پائے گی: جے رام ٹھاکر

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 4th March

کلو، 04 مارچ:سکھو حکومت اپنی پانچ سالہ مدت بھی پوری نہیں کر پائے گی۔ بی جے پی پانچ سال پہلے اقتدار میں آ جائے گی۔ ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ اور قائد حزب اختلاف جے رام ٹھاکر نے یہ بات کلو ہیڈ کوارٹر کے ڈھالپور چوک پر جن آکروش ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
جے رام نے کہا کہ اس کی شروعات کلو کی دیو بھومی سے کی گئی ہے اور اب پوری ریاست میں ضلع سطح پر جن آکروش ریلی نکالی جائے گی۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سکھو حکومت اداروں کو بند کرانے پر تلی ہوئی ہے۔ کانگریس حکومت نے کابینہ کی حالیہ میٹنگ میں 600 اداروں کو بند کر دیا ہے اور 20 کالجوں اور 200 اسکولوں کو بند کرنے کی تیاری کی ہے۔
انہوںنے کہا سکھو،دیکھو اب اور کیا بند کرارہاہے ۔ جے رام نے کہا کہ ریاست کے حالات جس طرح سے ہیں، اس سے معلوم ہو رہا ہے کہ یہ حکومت زیادہ دیر نہیں چل سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریاست کی پہلی حکومت ہے جو انتقام کے جذبے سے کام کر رہی ے۔
ٹھاکر نے کہا کہ کانگریس کی حکومت اقتدار میں آئی لیکن اب عوام خود کو ٹھگا ہوا محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں اداروں کو بند کرنے کی روایت کانگریس نے شروع کی ہے۔ اس کے خلاف پوری ریاست میں احتجاجی ریلی نکالی جائے گی اور 13 مارچ کو گورنر کو میمورنڈم پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام کانگریس کے نظام میں تبدیلی کو سمجھنے سے قاصر ہیں۔