کنال گھوش نے شبھیندو ادھیکاری کی گرفتاری کا کیا مطالبہ

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 24th March

کولکتہ، 24 مارچ : ترنمول کے ترجمان کنال گھوش نے نارد واقعہ کی منصفانہ جانچ کا مطالبہ کرتے ہوئے ریاستی قائد حزب اختلاف شبھیندو ادھیکاری کی جلد از جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ بی جے پی لیڈر شبھیندو کے ایک ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے کنال گھوش نے سوشل میڈیا پر شبھیندو کو گرفتار نہ کرنے پر سوالات اٹھائے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سی بی آئی کی غیر جانبداری پر بھی سوال اٹھائے۔
کنال نے ٹویٹر پر ایک ویڈیو پوسٹ کیا۔ مذکورہ ویڈیو میں، شبھیندو کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا ہے، ’’ممتا بنرجی ڈھائی سال سے میرے خلاف ہیں۔ اب توان کی سانس پھولنے لگی ہے ۔ مجھ پر لگائے گئے جھوٹے الزامات کی وجہ سے عدلیہ نے مجھے تحفظ دیا ہے۔ میں تین دہائیوں سے زیادہ عرصے سے سیاست سے وابستہ ہوں۔ میں نے سیاست کا آغاز 1988 میں طالب علم رہنما کے طور پر کیاتھا۔ میں 1995 میں کارپوریٹر منتخب ہوا تھا۔ آپ جو بھی کہیں ،اس طویل سیاسی کیرئیر میں میرے خلاف سوائے اس نارد اسٹنگ آپریشن کے کوئی کیس ثابت نہیں ہوا۔ ایسے میں کنال گھوش نے اپوزیشن لیڈر شبھیندو ادھیکاری کے اس بیان پر سوال اٹھائے ہیں۔
سوشل میڈیا پر شبھیندو کا حوالہ دیتے ہوئے کنال نے لکھا، ’’نارد کے علاوہ مجھ پر کوئی الزام ثابت نہیں ہوا ہے۔‘‘ اس کا مطلب ہے کہ شبھیندو نے اپنے منہ سے اپنا جرم قبول کرلیا ہے۔ اس کے باوجود سی بی آئی نے انہیں گرفتار نہیں کیا۔ ایسے میں سی بی آئی کی غیر جانبداری پر شک ہے۔ کنال یہیں نہیں رکے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ شبھیندو کو اتنا بولنے کا موقع مل رہا ہے کیونکہ تحقیقات نہیں چل رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ شبھندو ادھیکاری نے موقع ملتے ہی اپنی پارٹی تبدیل کی اور بی جے پی میں شامل ہو گئے۔