کیجریوال حکومت کی کابینہ میں خاتون وزیر کو ملی جگہ

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 9th March

نئی دہلی، 09 مارچ:جمعرات کو کیجریوال حکومت کی کابینہ میں دو نئے وزراء￿ شامل ہوئے۔ صدر جمہوریہ کی طرف سے عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے سوربھ بھاردواج اور آتشی کے ناموں کی تجویز کو منظوری دیتے ہوئے، دونوں ایم ایل اے کو آج لیفٹیننٹ گورنر (ایل جی) وی کے سکسینہ نے عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ جلد ہی انہیں محکموں کی ذمہ داریاں سونپ دی جائیں گی۔ ابھی تک عام آدمی پارٹی کی حکومت میں کوئی خاتون وزیر نہیں تھی۔ ا?پ ایم ایل اے سوربھ بھاردواج، جو دہلی کی گریٹر کیلاش اسمبلی سے مسلسل تیسری بار منتخب ہوئے ہیں، عام آدمی پارٹی کے چیف ترجمان اور دہلی جل بورڈ کے وائس چیئرمین ہیں۔ جب کہ آتشی عام آدمی پارٹی کی بانی رکن ہیں۔ وہ سال 2020 میں ہونے والے دہلی اسمبلی انتخابات میں پہلی بار کالکاجی سے الیکشن جیت کر ایم ایل اے بنی ہیں۔ سوربھ بھاردواج 2013 میں عام آدمی پارٹی کی پہلی حکومت میں کچھ دنوں کے لیے وزیر بھی رہے۔ سوربھ بھاردواج پیشے سے انجینئر ہیں اور پارٹی کے بانی ارکان میں سے ایک ہیں۔ جب کہ وزیر بننے والی آتشی تعلیم کے شعبے میں منیش سسودیا کی مشیر رہ چکی ہیں۔ آتشی دہلی حکومت کی کابینہ میں پہلی خاتون وزیر بن گئی ہیں۔ بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والی آتشی نے عام آدمی پارٹی کے پہلے منشور کی تیاری میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔
معلومات کے مطابق جن محکموں کی ذمہ داری منیش سسودیا سنبھال رہے تھے، ان میں فی الحال کیلاش گہلوت فائنانس اور پلاننگ جیسے اہم محکموں کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ دوسری طرف، سوربھ بھاردواج کو محکمہ تعمیرات عامہ، بجلی-پانی، ہوم ڈیپارٹمنٹ، ویجیلنس ڈپارٹمنٹ، خدمات جیسے محکموں کی ذمہ داری سونپی جا سکتی ہے۔ جب کہ آتشی کو صحت، سیاحت، تعلیم، خواتین اور بچوں کی ترقی اور لیبر کے محکمے دیے جا سکتے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ دہلی حکومت کی کابینہ میں سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا اور وزیر صحت ستیندر جین کے استعفیٰ کے بعد وزارت کی نشست خالی ہوئی تھی، جسے اب کیجریوال کے دو وزیر آتشی اور سوربھ بھاردواج سنبھالیں گے۔