Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 1st March
پٹنہ (پریس ریلیز)
گورنمنٹ طبی کالج ایک تاریخی ادارہ ہے اور پچھلے تین سال سے اس کالج میں پوسٹ گریجویٹ کی تعلیم کے سلسلے کا بھی آغاز ہوا ہے ۔ کالج میں ریسرچ کا شعبہ بھی ہے اور اسے مزید مزین کرنا وقت کی بنیادی ضرورت ہے۔ اسی کے تحت 28فروری بروز منگل گورنمنٹ طبی کالج پٹنہ اور بہارویٹنیری کالج پٹنہ ،موجودہ بہار انیمل سائنس یونیورسٹی، پٹنہ کے درمیان باہمی مفاہمت پر دستخط کئے گئے۔ اس کی اطلاع دیتے ہوئے ڈاکٹر محمد شفاعت کریم، لکچرر گورنمنٹ طبی کالج پٹنہ نے کہا کہ طبی کالج میں شعبہ علم الادویہ میں پی جی کر نے والے طلباء کو جانوروں پر تحقیق کرنا ہوتا ہے اور یہ حکومت کے پیمانے کی لیباریٹری میں ہی ممکن ہے لہذا اس بات کی ضرورت درپیش تھی کہ علم الادویہ سے پی جی کرنے والے طلباء کے لئے اس طرح کی سہولت مہیا کی جائے، ویٹنری سائنس یونیورسٹی سے یہ مفاہمت اسی غرض سے ہے جس کے لئے کالج ہذا کے پرنسپل پروفیسر توحید کبریا مسلسل کوشاں تھے۔ اس موقع پر ویٹنیری سائنس یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، اور فیکلٹی کے علاوہ طبی کالج پٹنہ کے پروفیسر محفوظ رحمن، ڈاکٹر محمد انس، ڈاکٹر نظام الدین، ڈاکٹر تنویر عالم اور ڈاکٹر رضیہ شاہین بھی موجود تھیں۔