Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 17th March
نئی دہلی,17مارچ: ملک بھر میں ایچ 3این 2 انفلوئنزا کے معاملات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس دوران دہلی کے وزیر صحت سوربھ بھردواج نے ایچ 3این 2وائرس سے متعلق ایڈوائزری جاری کی ہے۔ دہلی کے وزیر صحت سوربھ بھردواج نے جمعہ کو کہا کہ شہری حکومت نے حکام کو قومی دارالحکومت میں ‘انفلوئنزا’ وائرس کے کیسوں کا پتہ لگانے کے لیے فوری ٹیسٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بھردواج نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ‘انفلوئنزا’ وائرس کے معاملات عام طور پر مارچ کے آخر تک کم ہو جاتے ہیں، لیکن اس بار ملک کے کئی حصوں میں بڑی تعداد میں کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔سوربھ بھاردواج نے کہاجن لوگوں کو شدید دمہ یا کوویڈ 19 ہے وہ انفلوئنزا کا سب سے زیادہ خطرہ ہیں۔ پانچ سال سے کم عمر کے بچے اور 65 سال سے زیادہ عمر کے بزرگوں کو زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔دہلی کے وزیر صحت نے کہا کہ مرکز نے چھ ریاستوں کو کوویڈ ایڈوائزری جاری کی ہے، دہلی اس میں شامل نہیں ہے۔ تاہم، ہم انفلوئنزا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایڈوائزری جاری کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاافسران کو انفلوئنزا کے کیسز کا پتہ لگانے کے لیے فوری ٹیسٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ دہلی کے اسپتالوں میں زیادہ کیسز نہیں ہیں، لیکن ہم چوکس ہیں اور صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔بھردواج نے یہ بھی کہا کہ حکومت کا ماسک پہننے کو لازمی بنانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ اس وقت توجہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر مرکوز ہے جیسے عوامی مقامات پر جانے سے گریز کرنا، بار بار ہاتھ دھونا وغیرہ۔