ہنڈن برگ کا نئی رپورٹ جاری کرنے کا اعلان

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 23rd March

نئی دہلی،23 مارچ: ہنڈن برگ کے تازہ ٹوئٹ نے بازار میں پھر ہلچل پیدا کر دی ہے۔ ٹوئٹ میں ریسرچ فرم نے اعلان کیا ہے کہ جلد ہی کسی نئی شخصیت کے حوالہ سے رپورٹ جاری کی جائے گی۔ اپنے ٹوئٹ میں ہنڈن برگ نے لکھا ’’جلد ہی ایک نئی اور بڑی رپورٹ جاری ہوگی۔‘‘ اگرچہ اپنے ٹویٹ میں فرم نے اگلی رپورٹ کے اجراء کے وقت یا رپورٹ کس سے متعلق ہے اس بارے میں کوئی معلومات نہیں دی ہے، تاہم اس ٹوئٹ کے بعد دنیا کے بڑے صنعت کاروں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔خیال رہے کہ ہنڈن برگ کی 24 جنوری کو سامنے آنے والی ایک تحقیقی رپورٹ نے اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی کے وسیع سامراج کو ہلا کر رکھ دیا تھا، جو دنیا کے امیر ترین لوگوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ اس رپورٹ کے بعد گوتم اڈانی کو 3000 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ہنڈن برگ ریسرچ کی رپورٹ میں اڈانی گروپ کے بہی کھاتوں اور شیئرز میں بے ضابطگیوں کا الزام عائد کیا تھا۔ اگرچہ گروپ نے ان الزامات کو یکسر مسترد کر دیا تھا لیکن اس کی وجہ سے گروپ کمپنیوں کے حصص میں زبردست گراوٹ آئی۔ دولت میں کمی کے ساتھ اڈانی عالمی امیروں کی فہرست میں نیچے چلا گیا۔ اڈانی دنیا کے امیروں کی فہرست میں 23ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔