یونان میں دو ٹرینوں کے درمیان تصادم میں32 افراد ہلاک، 85 زخمی

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 1st March

ایتھوپیا،یکم مارچ: یونان میں منگل کی شب دو ٹرینوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 32 افراد ہلاک اور کم از کم 85 زخمی ہو گئے ہیں۔خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق دارالحکومت ایتھنز سے شمالی شہر تھیسالونیکی جانے والی مسافر ٹرین لاریسا شہر کے قریب مال بردار ٹرین سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں مسافر بوگیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔حکام کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے متعدد مسافر جھلسے ہوئے تھے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔فوری طور پر حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے البتہ حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے 250 مسافروں کو بسوں کے ذریعے تھیسالونیکی منتقل کیا گیا ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق ٹرین رات ساڑھے سات بجے ایتھنز سے تقریباً 350 مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی تھی۔تھیسالی ریجن کے گورنر کونسٹانٹینوس اگورسٹوس نے مقامی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں مسافر ٹرین کی چار بوگیاں پٹری سے اتریں جب کہ ابتدائی دو بوگیوں میں آگ لگی جس کی وجہ سے وہ مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔فائر بریگیڈ کے ترجمان کے مطابق اندھیرے کی وجہ سے انہیں آگ بجھانے کے عمل میں دشواری کا سامنا رہا جب کہ مقامی سرکاری ٹی وی نے بدھ کی صبح جائے وقوعہ کی ویڈیوز شیئر کی ہیں جن میں ریسکیو ورکرز کو جائے وقوعہ اور اس کے اطراف زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔حادثے کی متعدد ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جن میں تباہی کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔