اس سال عید کی نماز سرینگر عیدگاہ میں ادا ہونے کا امکان: وقف بورڈ

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 04 APRIL

سرینگر، 04 اپریل:جموں و کشمیر وقف بورڈ نے منگل کو کہا کہ تین سالوں میں پہلی بار یہاں کی تاریخی عیدگاہ میں باجماعت عید کی نماز ادا کیے جانے کا امکان ہے۔جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن درخشاں اندرابی نے رمضان المبارک کے اختتام کے بعد نماز باجماعت ادا کرنے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد عید گاہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر موسم نے اجازت دی تو نماز باجماعت ادا کی جائے گی۔انہوں نے کہا، اس سال عید کی نماز عید گاہ میں ادا کی جائے گی۔
کشمیر میں اس وقت اچھا ماحول ہے اور انتظامیہ کی کوشش ہے کہ عید کی نماز عید گاہ میں ادا کی جائے۔ اندرابی نے کہا کہ تمام انتظامات کئے جائیں گے تاکہ نماز آسانی سے ادا کی جاسکے۔انہوں نے مزید کہاآج کشمیر امن، ترقی اور خوشحالی چاہتا ہے۔ ہمیں ماضی کے بارے میں نہیں سوچنا چاہیے۔ وقف بورڈ کے چیرپرسن نے کہا کہ عیدگاہ شہر کا چہرہ ہے اور اسے مناسب سہولیات کے ساتھ ترقی اور بہتر بنایا جائے گا۔واضح رہے گزشتہ تین سالوں سے عید گاہ میں نماز عید ادا نہیں کی گئی کیونکہ حکام کو امن و امان کے مسائل کا اندیشہ تھا۔