Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 04 APRIL
نئی دہلی ،4اپریل: انڈیاسمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے کیسز ایک بار پھر بڑھنے لگے ہیں۔ اسی کڑ ی میں اب کرکٹ شائقین کے لیے ایک بری خبر ہے۔ دراصل سابق کرکٹر اور موجودہ کمنٹیٹر آکاش چوپڑا کی کورونا وائرس کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ فی الحال آکاش چوپڑا آئی پی ایل 2023 میں جیو سنیما کی کمنٹری ٹیم کا حصہ ہیں، تاہم انہوں نے سب سے پہلے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک کمیونٹی پوسٹ کے ذریعے اس کا انکشاف کیا۔ آکاش چوپڑا نے بتایا کہ اب وہ کچھ دنوں تک آئی پی ایل 2023 میں کمنٹری نہیں کر پائیں گے۔اپنی کمیونٹی پوسٹ کا اشتراک کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ غیر حاضری کیلئے معذرت ،کووڈ نے دوبارہ حملہ کیا ہے۔ کچھ دنوں تک کمنٹ باکس میں نظر نہیں آؤں گا۔لیکن برا نہ مانیں، علامات ہلکی ہیں ،اس پر خدا کا شکر ہے۔ تاہم آکاش چوپڑا کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین مسلسل تبصروں کے ذریعے اپنی رائے دے رہے ہیں۔دوسری جانب آئی پی ایل کی بات کریں تو گجرات ٹائٹنز کو آج دہلی کیپٹلس کے سامنے چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دہلی کیپٹلس اور گجرات ٹائٹنز کے درمیان یہ میچ فیروزشاہ کوٹلہ کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ ہندوستانی وقت کے مطابق شام 7.30 بجے شروع ہوگا۔ گجرات ٹائٹنز نے اپنے پہلے میچ میں چنئی سپر کنگز کو شکست دی ہے، جبکہ دہلی کیپٹلس کو لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ تاہم اس میچ میں گجرات ٹائٹنز اپنی جیت کا سلسلہ برقرار رکھنے کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔