TAASIR URDU NEWS NETWORK –SYED M HASSAN 13 APRIL
پٹنہ :12اپریل (ایجنسی )اپوزیشن اتحاد کےسلسلے میں وزیراعلیٰ نتیش کمار اپنے تین روزہ دہلی قیام کے دوران آج کانگریس صدر ملکا رجن کھڑگے اور پارٹی رہنما راہل گاندھی سے ملاقا ت کر کے اپوزیشن اتحاد کےسلسلے میں تفصیل سے بات چیت کی ۔ نتیش کماراپنے ساتھ تیجسوی یادو ، منوج جھا جیسےلیڈران کو لیکر ملکا رجن کھڑگے کے گھر پہنچے اور لمبی بات چیت کی ۔ اس دوران کانگر یس لیڈر راہل گاندھی بھی موجود تھے۔ میٹنگ کے بعد نتیش کمار نے کہاکہ ہماری مہم بڑی ہے اور جلد ہی بہت سے لوگ ساتھ آئیں گے۔ نتیش کمار نے کہاکہ ہم لوگ ملکر زیادہ سے زیادہ پارٹیوں کو متحد کرنے کی کوشش کریں گے۔ آج ہم لوگوں کی لمبی بات چیت ہوئی ہےاور اتحاد کی بات طے ہوئی ہے۔ انہو ںنے کہا کہ اب ہم ایک بار پھر سے دیگر پارٹیوں سے بات چیت کریںگے، جولوگ بھی راضی ہوں گے انہیں ساتھ لیکر آگے کا فیصلہ کریںگے۔ میڈیا کے سوالوں پر نتیش کمار نے کہا کہ ہم لوگ جس دن ایک ساتھ بیٹھیں گے اس وقت دیکھنا ۔ بہت زیادہ لوگ اکھٹا ہوںگے۔ وہیں راہل گاندھی نے اس میٹنگ کو تاریخی قرار دیا اور کہاکہ اپوزیشن کی اتحاد کے لئے یہ ضرو ری کوشش ہے کہ ملک اور آئینی اداروں پر حملہ ہورہا ہے۔ جس کے مقابلہ کیلئے اتحاد ضروری ہوگیا ہے۔ نتیش کمار نے کہاکہ’ جو کھڑگے جی اور نتیش کمار جی نے کہاکہ اپوزیشن کو متحد کرنےکےلئے تاریخی قدم اٹھایا گیا ہے۔ اتحاد کا ہی یہ عمل ہے اور ہم اپوزیشن کا ایک ویزن تیار کریں گےجو بھی پارٹیاں ہمارے ساتھ چلیں گی انہیں ہم ساتھ لیکر نظریاتی لڑائی پر آگے بڑھیں گے۔ آئینی اداروں اور ملک پر حملہ ہورہا ہے۔ ہم سبھی لوگ مل کر ان کے خلاف اتریں گے ‘۔ وہیں نتیش کمار نے کہاکہ آگے اور بھی میٹنگ ہونے والی ہے۔ اس میں اپوزیشن اتحاد کا خاکہ تیار کیا جائے گا۔ جنتا دل یو اور آر جے ڈی لیڈران کے ساتھ ملاقات کے بعد کانگریس صدر کھڑگے نے کہا کہ آج ہم نے ایک تاریخی میٹنگ کی ہے۔ میٹنگ میں ہم نے آپس میں بہت سے ایشوز پر بات چیت بھی کی۔ میٹنگ کے دوران ہم نے یہ طے کیا ہے کہ سبھی پارٹیوں کو مل جل کر کام کرنا ہوگا، ہمیں متحد ہو کر انتخاب لڑنے کے لیے آگے بڑھنا ہوگا۔