بم کی دھمکی آمیز ای میل کے بعد اسکول خالی کرایا گیا

TAASIR URDU NEWS NETWORK –SYED M HASSAN 12 APRIL

نئی دہلی،12اپریل : دہلی کے صادق نگر میں واقع ایک اسکول کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہونے کے بعد خالی کرا لیا گیا۔ معلومات کے مطابق اسکول انتظامیہ کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی تھی۔ جس میں بتایا گیا تھا کہ ایک بم ہے۔ اطلاع ملتے ہی اسکول انتظامیہ نے فوری طور پر پولیس کو بلایا اور بچوں کو اسکول سے باہر نکالا گیا۔ پولیس کو اب تک کی تفتیش میں کوئی مشکوک چیز نہیں ملی ہے۔پولیس کے مطابق صبح 10.49 بجے صادق نگر کے ایک اسکول کو ای میل بھیجی گئی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ اس کے احاطے میں بم نصب کیا گیا ہے۔ اسکول کو احتیاط کے طور پر خالی کرالیا گیا ہے۔ دہلی پولیس کے مطابق ہم نے دو بار اسکول کی جانچ کی ہے۔ اسکول میں کوئی مشکوک چیز نہیں ملی۔یہ خبر ملتے ہی بیشتر طلباء کے والدین سکول پہنچ گئے اور گیٹ کے باہر جمع ہو گئے۔ جس نے بتایا کہ ہمیں اسکول سے پیغام ملا ہے کہ ہم اپنے بچوں کو گھر لے جائیں۔سینئر پولیس افسر چندن چودھری نے میڈیا کو بتایا کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ اسکول انتظامیہ کو بم کی دھمکی ملی ہو۔ گزشتہ سال نومبر میں بھی ایک نامعلوم شخص نے ایسی ہی ای میل بھیجی تھی۔ یہ ایک جعلی ای میل تھی۔ تفتیش سے معلوم ہوا کہ وہ جرمنی سے آیا تھا۔ اس بار یہ میل کہاں سے بھیجا گیا ہے، اس کی تحقیقات جاری ہے۔ ہماری ٹیمیں بم ڈسپوزل سکواڈ اور ڈاگ سکواڈ کے ساتھ موقع پر موجود ہیں۔