Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 01 ST APRIL
رائے پور ، یکم اپریل (ہ س)۔وزیراعلیٰ بھوپیش بگھیل نے ہفتہ کو رائے پور میں واقع اپنی رہائش گاہ سے ریاست میں بے روزگاری الاونس اسکیم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے چار اہل بے روزگار نوجوانوں کو بے روزگاری الاونس کی منظوری کے احکامات بھی دئیے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے نوجوانوں کے مفاد میںاسمبلی اجلاس میں بیروزگاری بھتہ منصوبہ کا اعلان کیا تھا اور آج مالی سال کے پہلے ہی دن اسے نافذ کر رہے ہیں تاکہ اہل نوجوان اس کا فائدہ اٹھا سکیں۔وزیر اعلیٰ مسٹر بگھیل نے کہا کہ بے روزگاری الاونس کے لیے رجسٹریشن کا عمل یکم اپریل سے شروع ہو گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ اپریل کے کسی بھی دن بے روزگاری الائونس کے لیے رجسٹر ہونے اور اہل ہونے پر یکم اپریل سے ہی بے روزگاری الائونس فراہم کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار پرمبنی تربیت فراہم کرنے کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے تاکہ وہ ہمیشہ کے لیے بے روزگار نہ رہیں۔ تاکہ بے روزگاری الائونس کا فائدہ اٹھانے والے نوجوان بھی تربیت حاصل کر کے آنے والے وقت میں روزگار حاصل کر سکیں۔اس موقع پر وزیر زراعت رویندر چوبے نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے بے روزگار نوجوانوں کے لیے ایک اہم اور پرجوش اسکیم شروع کی ہے، جس سے ریاست کے بے روزگار نوجوانوں کو اپنا مستقبل سنوارنے کی طاقت ملے گی۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سکریٹری سبرت ساہو اور محکمہ جاتی سکریٹریز بھی موجود تھے۔