تیجسوی یادو کی بیٹی کو گود میں لے کر خوش نظر آئے وزیراعلیٰ نتیش کمار، دیا آشیرواد

TAASIR URDU NEWS NETWORK –SYED M HASSAN 13 APRIL

پٹنہ ، 12 اپریل (تاثیر بیورو)۔بہار کے وزیراعلی نتیش کمار نے بدھ کے روز دہلی میں ایک خاص شخص سے ملاقات کی۔ خاص طور پر اس لیے کہ وہ سیاست داں نہیں بلکہ ایک چھوٹا مہمان ہے۔ اس مہمان خصوصی لالو پرساد یادو کی پوتی کاتیانی یادو تھیں۔ جن سے ملنے نتیش کمار آج نئی دہلی میں تیجسوی یادو کی رہائش گاہ پہنچے۔ جہاں تیجسوی یادو اور ان کی اہلیہ راج شری نے اپنی چھوٹی بیٹی کا تعارف کرایا۔ اسے گود میں لیتے ہی نتیش کمار کے چہرے پر مسکراہٹ ابھرآئی ۔ اس دوران نتیش کمار نے ایک چھوٹی بچی کو تحفہ بھی دیا۔قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار تین روزہ دہلی کے دورے پر ہیں۔ وہیں وہ مودی حکومت کے خلاف اپوزیشن اتحاد کی مہم کو آگے بڑھانے کے لیے کئی بڑے لیڈروں سے ملنے والے ہیں، لیکن ان لیڈروں سے ملنے سے پہلے بدھ کے روز وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے تیجسوی کی بیٹی کاتیانی یادو سے ان کی دہلی کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انہیں مبارکباد دی۔ اس سے قبل منگل کی شام انہوں نے لالو پرساد سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات بھی کی تھی۔ آج نتیش کمار کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان آنے والے لوک سبھا انتخابات کے لیے اپوزیشن اتحاد کی حکمت عملی پر بات چیت ہوگی۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار دیگر لیڈروں سے بھی ملاقات کر سکتے ہیں۔