Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 07 APRIL
نئی دہلی 7؍اپریل(پریس ریلیز): حج بیت اللہ کے لیے عازمین حج کا طبی کیمپ گذشتہ5؍اپریل سے مسلسل جاری ہے اور آئندہ14؍اپریل تک ہفتے کے تمام دن بشمول اتوار اور سرکاری چھٹیوں کے دن بھی جاری رہیگا۔اسی ضمن میںآج گڈ فرائی کی سرکاری تعطیل کے باوجود میڈیکل جانچ کیمپ میں عازمین حج کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں ۔جبکہ تین دنوں میں اب تک پانچ سو سے زائد عازمین کو طبی سرٹفیکٹ جاری کیے گئے ہیں۔آج محمکۂ صحت، دہلی سرکار نے طبی ٹیم میں ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی تعداد میں اضافہ کردیا ہے۔دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن محترمہ کوثر جہاںنے ایگزیکٹو آفیسر جناب اشفاق احمد عاری، ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر جناب محسن علی کے ساتھ میڈیکل کیمپ کا معائنہ کیا ۔
گذشتہ دنوں حج کیمپ میں عازمین کی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن محترمہ کوثر جہاں نے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے بہتر سے بہترانتظامات کو یقینی بنایا اور اپنے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ دنوں میں اور بھی سہولیات مہیا کرانے کی بھرپور کوشش جاری رہے گی۔ جس کے تحت امید کی جاتی ہے کہ دہلی سرکار اور ایم ۔سی۔ڈی کی علاقائی دسپنسری، اسپتال اور محلہ کلنک میں بھی طبی جانچ شروع کی جاسکتی ہیں۔اس سلسلے میں حتمی اطلاع بعد میں فراہم کی جائے گی۔
آج سے ممبر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی جناب محمد سعد کی کوششوں سے عازمین حج کو ایک ہی مقام پر ہر طرح کی جانچ اور ایکسرے اورای۔سی۔جی کی مشین بھی لگا دی گئی ہے اب عازمین حج دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی (حج منزل) میں ان سبھی سہولیات کا بھی فائدہ رعایتی قیمتوں پر اٹھا سکیں گے۔ جبکہ سیلم پوراسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے اور دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ممبر جناب عبدالرحمن اور اوکھلا اسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے جناب امانت اللہ خان کی کوششوں سے جگ پرویش اسپتال، شاستری پارک اور بٹلہ ہائوس سرکاری ڈسپینسری میں بھی عازمین حج کی طبی جانچ سرٹیفکٹ جاری کرنے کا خصوصی انتظام کردیا گیا ہے۔