Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 04 APRIL
محمدمحفوظ قادری،رام پور یو۔پی
رمضان المبارک کاپہلاعشرہ مکمل ہوااور اب دوسرا عشرہ سایہ فگن ہوچکاہے یہ عشرہ اللہ سے بخشش و مغفرت طلب کرنے کا ہے۔رمضان المبارک اللہ کی رحمت و بخشش اورمغفرت کا مہینہ ہے۔ وہ بہت خوش نصیب لوگ ہیں کہ جو اس مہینے میںروزہ اور عبادت کے ذریعہ اپنے رب کو راضی کررہے ہیں۔ماہ رمضان مغفرت کا وہ عظیم الشان مہینہ ہے کہ جس شخص کی توبہ قبول ہو گئی رب نے اسے بخش دیا اور وہ رمضان کے فضائل و برکات سے بھی فیضاب ہو گیا۔اور جو شخص اس ماہ کو پانے کے بعد بھی اپنی بخشش نہ کرا سکاس تو وہ سخت خسارہ اٹھانے والوں میں شمار ہو جائیگا۔اس عشرے میںبندئہ مومن کو چاہئے کہ اللہ سے تو بہ استغفار کرے کیونکہ قرآن و حدیث میں گناہوں سے توبہ کرنے والوں کے لیئے بہت زیادہ خوشخبری سنائی گئی ہے ارشاد باری تعالیٰـــ’’اور توبہ کرو اللہ کی طرف اے مومنوتاکہ تم فلاح پائو‘‘ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایاکہ بیشک اللہ تعالیٰ رات میں اپنی رحمت کو وسیع کرتا ہے تاکہ دن میں گناہ کرنے والے توبہ کریں اور اللہ انکی توبہ قبول فرمائے،اسی طرح دن میں اپنی رحمت کو دراز فرماتا ہے تاکہ رات کے گناہ گاروں کی توبہ قبو ل فرمائے یہاں تک کہ مغرب سے سورج طلوع ہوگا۔یہ بات بھی انسان کی سعادت مندی کی ہے اللہ نسان کو طویل زندگی عطافرمائے اور ساتھ ہی گناہوں پر توبہ و استغفار کی سعادت بھی نصیب ہو۔لہٰذا ہم اس عشرے میںاللہ رب العزت سے کثرت کے ساتھ توبہ استغفار کریں ،اور اس دعا کا کثرت کے ساتھ ورد کریں۔’’استغفر اللہ ربی من کل ذنب واتوب الیہ‘‘میں اللہ سے تمام گناہوں کی معافی مانگتا ہوں جو میرا رب ہے اور میں اسی کی طرف رجوع کرتا ہوں۔توبہ استغفار کرنا اللہ کو بہت زیادہ پسندہے اسی وجہ سے اللہ نے بہت سی قوموں سے عذاب کو ٹال دیا تھا۔لہٰذا ہمیں چاہئے کہ ہم کثرت کے ساتھ ان دس دنوں میں اللہ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگیں اور مغفرت طلب کریں۔فرائض کی پابندی اور نفلی عبادت کا بھی اہتمام کریں خاص طور سے نماز تہجد کا،رات کی تنہائی میں کھڑے ہوکر ندامت کے آنسوبہاکراپنے رب کی بارگاہ میںاپنی فریاد پیش کریں ہمارا رب بہت مہربان اور رحم وکرم فرمانے والا ہے یقینا اللہ ہمارے گناہوں کو معاف فرماکر ہم سے راضی ہو جائیگا۔اللہ رب العزت مسلمانوں کو رمضان کا ادب واحترام کرنے کے ساتھ عمل کی توفیق بھی عطا فرمائے ۔آمین