Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 04 APRIL
سپریم کورٹ آف پاکستان نے پنجاب و خیبر پختونخوا میں الیکشن التوا کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے انتخابات 14 مئی کو کرانے کا حکم دیا ہے۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے منگل کو محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کا بائیس مارچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے آٹھ اکتوبر کی تاریخ دے کر آئینی اختیار سے تجاوز کیا۔آئین و قانون الیکشن کمیشن کو انتخابی تاریخ میں توسیع کی اجازت نہیں دیتا۔سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے کاغذاتِ نامزدگی دس اپریل تک جمع کروائیں جائیں اور وفاقی حکومت اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کو مکمل تعاون فراہم کرے۔سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کو دس اپریل تک اکیس ارب روپے کے فنڈز فراہم کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے قرار دیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز نہ دینے کی صورت میں مناسب حکم جاری کیا جائے گا۔اعلیٰ عدالت نے اپنے فیصلے میں نگراں پنجاب حکومت کو بھی ہدایت کی کہ وہ انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کی مدد کرے۔پاکستان تحریکِ انصاف کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت نے آج نظریہ? ضرورت کو دفن کر دیا ہے۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اب ایسا سیاسی ماحول پیدا کرنا ہے جس میں صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد کیا جائے۔حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر فی الوقت کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا ہے۔

