شاہ کا سہسرام دورہ رد ، پٹنہ میں میٹنگ اور نوادہ میں ریلی

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 01 ST APRIL

پٹنہ ، یکم اپریل (ہ س)۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کا 2 اپریل کو سہسرام کا دورہ ملتوی کر دیا گیا ہے۔ رام نومی کے موقع پر ہوئےتشدد کے بعد ضلع میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے جس کی وجہ سے وزیر داخلہ کا دورہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔اس بارے میں جانکاری دیتے ہوئے بی جے پی کے ریاستی صدر سمراٹ چودھری نے کہا کہ سمراٹ اشوک ہمارے آئیڈیل ہیں۔ ہم لوگوں نے ان کا پروگرام بڑے جوش و خروش سے طے کیا تھا لیکن بدقسمتی سے حکومت بہارسیکورٹی فراہم کرنے میں ناکام ہے۔ جہاں پروگرام ہونا تھا وہاں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ۔ اس کی وجہ سے مرکزی وزیر داخلہ کا پروگرام منسوخ کرنا پڑا۔انہوں نےوزیر اعلیٰ نتیش کمار پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ان سے بہار سنبھل نہیں رہا ہے ۔ پوری ریاست میں صورتحال خراب ہے۔سہسرام میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر وہاں کا پروگرام ملتوی کر دیا گیا ہے۔ نوادہ کے ہسوا میں ہونے والے امت شاہ کے پروگرام کو پہلے کی طرح رکھا گیا ہے۔ وہ نوادہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ اس کے لیے امت شاہ ہفتہ کے روز ہی پٹنہ آئیں گے اور 2 اپریل کو نوادہ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔قابل ذکر ہے کہ 30 مارچ کو روہتاس ضلع کے نگر تھانہ علاقہ کے تحت مدار دروازہ گاؤں میں رام نومی کے جلوس کے دوران دو برادریوں کے نوجوانوں کے درمیان قابل اعتراض الفاظ پر جھگڑا ہوا تھا۔ اگلے دن صبح 11.00 بجے مدار دروازہ گاؤں میں فریقین کے سماج دشمن عناصر کے درمیان پتھراؤ اورفائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ اس معاملے میں اب تک 20 لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔سہسرام کے سب ڈویزنل پولیس افسر سنتوش رائے نے کہا کہ حالات قابو میں ہیں۔ واقعے کے بعد بڑی تعداد میں پولیس تعینات کردی گئی ہے اور شرپسند عناصر پر نظر رکھی جارہی ہے۔ پولیس سوشل میڈیا کے ذریعے افواہیں پھیلانے والوں پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے۔