Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 05 APRIL
نئی دہلی، 5 اپریل : ہندوستانی بلے باز شریس ایئر کے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2023 کے پورے سیزن اور آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل سے باہر ہونے کا امکان ہے۔ائیر نے احمد آباد میں ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان چوتھے ٹیسٹ میچ کے دوران کمر کے نچلے حصے میں سوجن کی شکایت کی تھی اور وہ بلے بازی کے قابل نہیں تھے۔وہ اس بار- بار ہونے والی کمر کی چوٹ سے صحت یاب نہیں ہوسکے ہیں اور آخر کاران کی سرجری کی گئی جو انہیں کم از کم تین ماہ تک میدان سے دور رکھے گی ۔
ای ایس پی این کر ک انفو کے مطابق، ائیر آئندہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل سے باہر ہو جائیں گے، جو بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 7 جون سے انگلینڈ کے لندن میں اوول میدان میں کھیلا جائے گا۔
28 سالہ ائیر کو پہلی بار بنگلہ دیش دورے کے ختم ہونے کے عین قبل پچھلے دسمبر میںکمر میں تکلیف ہوئی تھی۔ وہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم گراونڈ پر سیریز اور آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے۔ اگرچہ وہ دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میں کھیلنے کے لیے واپس آئے، لیکن آخری ٹیسٹ کے دوران درد دوبارہ شروع ہوا، جہاں انہوں نے دو دنوں تک میدان میںفیلڈنگ کی۔ وہ میچ میں ہندوستان کی واحد اننگ کے دوران بلے بازی کے لیے نہیں آئے ، یہ میچ ڈراپر ختم ہوا۔
طبی ماہرین سے مشاورت کے بعد ائیر کو آئی پی ایل کے پہلے ہاف سے باہر کر دیا گیاتھا۔ اگرچہ کولکاتا نائٹ رائیڈرز نے قیاس کیا تھا کہ وہ سیزن کے دوسرے حصے میں واپس آجائیں گے ،لیکن ایسا ممکن ہوتانظرنہیں آرہاہے۔ ائیر بنگلور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں ہیں۔
ائیر کی غیر موجودگی میں، جو کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے کپتان تھے، نتیش رانا آئی پی ایل 2023 میں کولکاتا کی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔