Taasir Urdu News Network – MD ARSHAD 27 APRIL
نئی دہلی: دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کے نئے میئر اور ڈپٹی میئر انتخاب سے قبل ہی بی جے پی امیدوار نے اپنی نامزدگی واپس لے لی۔ جس کے بعد عام آدمی پارٹی (عآپ) کی شیلی اوبرائے بلامقابلہ منتخب ہو گئیں۔ بی جے پی نے میئر کے لیے شکھا رائے اور ڈپٹی میئر کے لیے سونی پانڈے کو اپنا امیدوار مقرر کیا تھا۔دہلی بی جے پی نے ایک بیان میں کہا ’’ہم نے میونسپل کارپوریشن میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایسا اس لیے کیا گیا ہے کیونکہ ہماری تمام تر کوششوں کے باوجود عام آدمی پارٹی قائمہ کمیٹیوں اور وارڈ کمیٹیوں کی تشکیل نہیں ہونے دے رہی، جس کی وجہ سے میونسپل کارپوریشن میں کوئی کام نہیں ہو رہا ہے۔‘‘ دریں اثنا، عام آدمی پارٹی کے امیدوار آلِ محمد اقبال بھی بلا مقابلہ نائب میئر منتخب ہو گئے۔ میئر شیلی اوبرائے نے ان کے انتخاب کا اعلان کیا۔عام آدمی پارٹی کے پاس ایم سی ڈی میں 138 ارکان ہیں، لہذا ان کا میئر عہدے پر برقرار رہنا یقینی تھا۔ نام واپس لے کر بی جے پی نے یہ پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ ان کے پاس دہلی میئر کے انتخاب میں جیت حاصل کرنے کے لیے خاطر خواہ تعداد نہیں ہے، اس لیے وہ یہ عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔ اسی کے ساتھ بی جے پی نے عآپ سے توقع کی ہے کہ اب وہ اسٹینڈنگ کمیٹی کی تشکیل کی اجازت دیں۔خیال رہے کہ قومی راجدھانی میں میئر کا عہدہ 5 سال کا ہوتا ہے لیکن ہر سال مختلف زمرے کے امیدوار کو موقع ملتا ہے۔ پہلا سال خواتین کے لیے، دوسرا اوپن کیٹیگری کے لیے، تیسرا ریزرو کیٹیگری کے لیے اور باقی دو بار پھر اوپن کیٹیگری کے لیے مختص ہے۔ ہر مالی سال کے اختتام کے بعد نئے میئر کا انتخاب کیا جاتا ہے۔