لالویادو آج پٹنہ لوٹیںگے ، اکھلیش نےکی ملاقات

Taasir Urdu News Network – MD ARSHAD  28 APRIL

نئی دہلی :27اپریل آنند موہن کی رہائی پر تنازعات کے درمیان آر جے ڈی سپریمو لالو یادو کل یعنی جمعہ کے روز پٹنہ آ رہے ہیں۔ 9 ماہ بعد لالو یادو جمعہ کے روز پٹنہ واپس آئیں گے۔ ان کی آمد کے لیے رابڑی رہائش گاہ پر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ واضح ہو کہ گذشتہ تین ماہ سے لالو یادو میسا بھارتی کے گھر پر صحت یاب ہو رہے ہیں۔ ان کی پٹنہ آمد ان کی صحت میں بہتری کی علامت ہے۔ حالانکہ پٹنہ آنے کے بعد بھی لالو یادو چند لوگوں سے ہی مل سکیں گے۔پارٹی ذرائع کے مطابق لالو یادو نے صحت بہتر ہونے کے بعد پٹنہ آنے کا فیصلہ کیا ہے اور ڈاکٹروں نے انہیں باہر جانے کا مشورہ دیا ہے۔ فروری میں سنگاپور سے واپس آنے کے بعد لالو یادو دہلی میں میسا بھارتی کے گھر ٹھہرے ہوئے ہیں۔ وہاں وہ ڈاکٹروں کی نگرانی میں تھے لیکن جیسے ہی ڈاکٹروں نے ان کی صحت میں بہتری آنے کی بات کہی، انہوں نے پٹنہ جانے کی خواہش ظاہر کی۔ ڈاکٹروں کی منظوری کے بعد وہ جمعہ کے روز پٹنہ آ رہے ہیں۔ لالو یادو دہلی میں چند لیڈروں سے ملاقات کریں گے۔ اس دوران وہ پوری احتیاط برتیں گے۔جیسے ہی لالو یادو کے پٹنہ پہنچنے کی اطلاع ان کے حامیوں تک پہنچی، ان میں بے پناہ خوشی نظر آئی۔ واضح ہو کہ لالو یادو کا 5 دسمبر کو سنگاپور میں گردے کا ٹرانس پلانٹیشن ہوا تھا۔ لالو یادو کی بیٹی روہنی آچاریہ نے انہیں اپنا ایک گردہ عطیہ کیا ہے۔ سنگاپور میں ڈاکٹروں کی جانب سے گردے کی کامیاب پیوند کاری کی گئی۔ لالو یادو مکمل صحت مند کے ساتھ پٹنہ واپس لوٹ رہے ہیں۔ ان کی پٹنہ واپسی پر سیاست میں ایک الگ ہی طرز کی سیاست دیکھنے کو ملے گی۔ لالو یادو کی پٹنہ واپسی ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب عظیم اتحاد کی قیادت والی نتیش حکومت کئی مسائل میں گھری ہوئی ہے۔ اس بیچ آج یوپی کے سابق وزیراعلیٰ اور سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے لالو پرساد کے ساتھ ملاقات کی۔ دہلی میں لالو یادو کی بڑی بیٹی اور رکن راجیہ سبھا میسا بھارتی کی رہائش پر اکھلیش یادو لالوپرساد کی صحت کے بارے میں جانکاری حاصل کرنے کیلئے پہنچے قریب 15منٹ تک یہ ملاقات ہوئی۔