Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 13 APRIL
فتح پور سیکری،13اپریل:حضرت پیر زادہ عیاض الدین چشتی عرف رئیس میاں، سجادہ نشیں حضرت شیخ سلیم چشتی ، فتح پوری سیکری، آگرہ کی سرپرستی میں حضرت بابا فرید الدین گنج شکر کے چشم و چراغ اور سلسلہ چشتیہ کے مشہور و معرو ف صوفی حضرت بابا شیخ سلیم چشتی فریدی کے سالانہ 453واں عرس مبارک کا آج قدیمی رسم ورواج کے ساتھ باضابطہ آغاز ہوگیا۔ اس موقع پر ہر مذہب کے ہزاروں کی تعداد میں مریدین ومعتقدین نے شرکت کی۔
درگاہ کے سجادہ نشین پیرزادہ عیاض الدین چشتی ’رئیس میاں‘ نے کہا کہ بادشاہ اکبر کے جب اپنے اولاد کے لئے دعا کرائی جس کے بعد شہزادہ سلیم کی پیدائش ہوئی۔ جب سے بارگاہ ہر مذہب و ملت کے عقیدتمند یہاں بے اولاد اپنے لئے اولاد کی مراد لے کر آتے ہیں۔ سجادہ نشین کے جانشین ارشد عظیم فریدی نے عرس کی تفصیلات کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ عرس کاباضابطہ آغاز آج، یعنی 20 رمضان المبارک مطابق12 اپریل بعد نماز فجر غسل بر مزار شریف حضرت شیخ سلیم چشتی سے ہوا۔ بعد نماز ظہر تا عصر چلہ گاہ حضرت سلیم چشتی موسومہ ’منڈف‘ میں حضور عالم کے قدم مبارک، حضرت پیران پیر دستگیر حضور غوث پاک کا خرقہ مبارک، حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر کا پٹکہ شریف، حضرت شیخ کی کلاہ مبارک و قلمی شبیہہ کی زیارت حضرت صاحب سجادہ کے دست مبارک سے کرائی گئی۔ 21 تا 28 رمضان المبارک بمطابق 13اپریل تا20 اپریل کو بعد نماز عشاء محفل میلا د شریف کا انعقاد کیا جائے گا،25 رمضان المبارک بمطابق 17 اپریل بروز جمعرات تراویح میں تقریب مکمل قرآن کریم اور محفل نعت پاک، صلوٰۃ وسلام اور دعا کی جائے گی، جس میں ممتاز نعت گو بارگاہِ رسالت میں نذرانہ عقیدت پیش کریں گے، 29 رمضان المبارک بمطابق 21 اپریل بروز جمعہ مریدین و عقیدت مندان کی موجودگی میں برمزار شریف حضرت شیخ سلیم چشتی پر قل شریف پر عرس کا اختتام ہوگا۔