مہاراشٹر بھوشن ایوارڈ‘ تقریب میںگرمی سے 13 افرادہلاک ، 120 افراد اسپتال میں داخل

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 17 APRIL

ممبئی دہلی ،17اپریل : ممبئی میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ذریعہ مصلح اپا صاحب دھرمادھیکاری کو ایک بڑی تقریب میں ‘مہاراشٹر بھوشن ایوارڈ 2022’ سے نوازے جانے کے بعد کم از کم 13 لوگوں کی لو لگنے سے موت ہو گئی اور 120 لوگوں کو اس سانحہ کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔سانحہ کی خبر سنتے ہی وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور دیگر لوگ نئی ممبئی کے ایم جی ایم اسپتال پہنچے اور وہاں داخل عقیدتمندوں کا حال معلوم کیا۔ شندے نے بعد میں میڈیا والوں کو بتایا، “افسوسناک خبر… لو لگنے کی وجہ سے تقریباً سات سے آٹھ افراد کی موت ہوئی ہے۔” انہوں نے مرنے والوں کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے کے معاوضے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ دیگر مریضوں کا مناسب خیال رکھا جا رہا ہے۔کانگریس کے چیف ترجمان اتل لونڈھے نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سرکاری تقریب تھی، اس لیے اس میں شرکت کرنے والوں کی حفاظت کرنا ان کا فرض ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اتنی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ حکومت پر غیر ارادتاً قتل کا مقدمہ درج کیا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ لونڈھے نے گرمی عروج پر ہونے کے باوجود کھلے میدان میں اتنے بڑے پروگرام کے انعقاد کو حکومت کی طرف سے ‘لاپرواہی’ قرار دیا۔ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ہم ان لوگوں سے ملے جن کا علاج چل رہا ہے، 4-5 لوگوں سے بات کی، ان میں سے دو کی حالت نازک ہے۔ اس تقریب کی مناسب منصوبہ بندی نہیں کی گئی تھی۔ انہوں نے سوال کیا کہ واقعے کی تحقیقات کون کرے گا؟ادھو ٹھاکرے، آدتیہ ٹھاکرے اور این سی پی لیڈر اجیت پوار ایم جی ایم کاموٹھے اسپتال پہنچے اور کھارگھر میں ’مہاراشٹر بھوشن ایوارڈ‘ تقریب کے دوران بیمار ہونے کے بعد زیر علاج لوگوں سے ملاقات کی۔ این سی پی لیڈر اجیت پوار نے کہا کہ ایوارڈ دینے کے لیے دوپہر کا وقت مقرر کیا گیا۔ ہر کوئی جانتا ہے کہ اپریل کے مہینے میں دوپہر میں کتنی گرمی ہوتی ہے۔ یہ ایک بڑا حادثہ ہے، ہم نے لوگوں سے اسپتال میں ملاقات کی ہے۔دراصل، امت شاہ نے اپنی تقریر کے دوران لوگوں کو 42 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت میں صبر کے ساتھ بیٹھنے کے لیے اپا صاحب دھرمادھیکاری سے عقیدت کی مثال کے طور پر سلام کیا تھا۔ جبکہ منتظمین نے دعویٰ کیا تھا کہ تقریباً 20 لاکھ لوگوں نے اس میگا ایونٹ میں شرکت کی تھی اور شندے نے فخر کے ساتھ اعلان کیا تھا کہ اس نے پچھلے ریکارڈز کیسے توڑے ہیں۔ لیکن موقع پر ہوئی بدانتظامی پر سوال اٹھ رہے ہیں۔ کیونکہ لاکھوں لوگ کئی گھنٹوں تک تپتی دھوپ کے نیچے کھڑے رہے۔ پروگرام دیکھنے کے لیے آڈیو اور ویڈیو پلیئرز بھی لگائے گئے تھے۔ منتظمین بھیڑ کو دھوپ سے بچانے کے لیے خاطر خواہ انتظامات نہیں کر سکے۔