مہندرا اینڈ مہندرا گروپ کے سابق چیئرمین کیشب مہندرا کاانتقال

TAASIR URDU NEWS NETWORK –SYED M HASSAN 13 APRIL

نئی دہلی، 12 اپریل ( ہ س)۔ ملک کے سب سے عمررسیدہ ارب پتی صنعت کار اور مہندرا اینڈ مہندرا گروپ کے سابق چیئرمین کیشب مہندرا بدھ کو انتقال کر گئے۔ کیشب مہندرا نے صبح 99 سال کی عمر میں ممبئی میں اپنے گھر میں آخری سانس لی۔ مہندرا خاندان کے ایک قریبی شخص نے یہ معلومات دی۔مہندرا اینڈ مہندرا گروپ کے کیشب مہندرا 1963 سے 2012 تک 48 سال تک اس گروپ کےچیئرمین رہے۔ انہوں نے 1947 میں کمپنی جوائن کی۔ ان کی قیادت میں گروپ نے نئی بلندیوں کو چھو ا۔ انہوں نے 2012 میں چیئرمین کا عہدہ اپنے بھتیجے آنند مہندرا کو سونپا۔فوربس نے حال ہی میں کیشب مہندرا کو ملک کے امیر ترین ارب پتیوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔ فوربس نے انہیں 1.2 بلین ڈالر کی مجموعی مالیت کے ساتھ ہندوستان کا سب سے بزرگ ارب پتی قرار دیاتھا۔ مہندرا گروپ کے سابق چیئرمین 2004 سے 2010 تک وزیر اعظم کی کونسل آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے رکن رہے۔ کاروباری دنیا میں کیشب مہندرا کی شراکت کے لیے 1987 میں، فرانسیسی حکومت نے انہیں اپنے اعلیٰ ترین شہری اعزاز سے نوازاتھا۔