نیرج چوپڑا 5 مئی کو دوحہ ڈائمنڈ لیگ سے کریں گے سیزن کا آغاز

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 14 APRIL

نئی دہلی، 14 اپریل : اولمپک چیمپیئن جیولن تھروور نیرج چوپڑا 5 مئی کو دوحہ میں ڈائمنڈ لیگ میں اپنے سیزن کا آغاز کریں گے۔ گزشتہ سال ستمبر میں گرینڈ فائنل جیتنے کے بعد، موجودہ ڈائمنڈ لیگ چیمپیئن چوپڑا گریناڈا کے عالمی چیمپئن اینڈرسن پیٹرز اور جمہوریہ چیک کے اولمپک چاندی کا تمغہ جیتنے والے جیکب واڈلیج کے ساتھ 14 لیگ کی یک روزہ سیریز کی پہلی میٹ کے ساتھ سیزن کی شروعات کریں گے۔
چوپڑا، جن کا ذاتی بہترین فاصلہ 89.94 میٹر ہے جو انہوں نے گزشتہ سال اسٹاک ہوم ڈائمنڈ لیگ میٹ میں دوسرے نمبر پر رہتے ہوئے حاصل کیا تھا، فی الحال ترکی میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ وہ 31 مئی تک وہاں رہیں گے۔
چوٹ کی وجہ سے، چوپڑا 2022 دوحہ ڈائمنڈ لیگ میٹ سے باہر ہو گئے، جہاں پیٹرز نے تاریخ کا پانچواں طویل ترین تھرو 93.07 میٹر درج کرکے خطاب جیتا تھا۔ عالمی چیمپئن شپ کے کانسے کا تمغہ جیتنے والے واڈلیج 90.88 میٹر کے ذاتی بہترین تھرو کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھے۔
دوحہ میں نیرج، پیٹرز اور جیکب کے علاوہ، جرمنی کے یورپی چیمپئن جولین ویبر، ترینیداد اور ٹیبیگو کے سابق اولمپک چیمپئن کیشورن والکوٹ اور عالمی چیمپئن اور 2016 کے اولمپک چاندی کا تمغہ جیتنے والے کینیا کے جولیس ییگو بھی نظر ا?ئیں گے۔
اس سال چوپڑا کا ایک ہدف 90 میٹر کا ہندسہ عبور کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا، ’’میں بھی 90 میٹر کے نشان کے قریب پہنچ رہا ہوں، اس لیے اس رکاوٹ کو توڑنا میرے لیے بہت معنی رکھے گا۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’پچھلا سال میرے لیے ایک نیا ذاتی بہترین، عالمی چاندی کا تمغہ اور وانڈا ڈائمنڈ لیگ کی فتح کے ساتھ ایک اچھا سال تھا، یہ سال نئے مواقع لے کر ا?یا ہے۔ اس موسم گرما میں میرا ہدف ایشین گیمز کے ساتھ ساتھ عالمی چیمپئن شپ اور میرے وانڈا ڈائمنڈ لیگ ٹائٹل کا دفاع ہے۔‘‘
2021 کے ٹوکیو اولمپکس میں تاریخ رقم کرنے کے بعد، چوپڑا نے یو ایس اے میں 2022 عالمی چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتا، جہاں پیٹرز نے سونے کا تمغہ جیتا تھا۔ اس کے بعد نیرج گزشتہ سال چوٹ کی وجہ سے کامن ویلتھ گیمز کے گولڈ کا دفاع کرنے میں ناکام رہے، جو انہوں نے 2018 میں برمنگھم ایڈیشن میں جیتا تھا۔