پبلک ٹوائلٹ میںکھلے میں پڑا ملا 50 لیٹر تیزاب، ڈی سی ڈبلیو نے جانچ کا حکم دیا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 07 APRIL

نئی دہلی، 07 اپریل: دہلی کمیشن برائے خواتین (ڈی سی ڈبلیو) کی چیئرپرسن سواتی مالیوال نے جمعرات کی رات دیر گئے وسطی ضلع کے دریا گنج علاقے میں جی بی پنت اسپتال کے سامنے عوامی بیت الخلا کا اچانک معائنہ کیا۔ اس دوران انہیں وہاں کھلے میں 50 لیٹر تیزاب پڑا ہوا ملا۔ انہوں نے وہاں موجود ایک ملازم سے پوچھا کہ اتنا تیزاب کہاں سے آیا؟ مناسب جواب نہیں ملنے پر ڈی سی ڈبلیو نے اس معاملے میں ایم سی ڈی کے عہدیداروں کو مزید پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا۔
جمعہ کو سواتی مالیوال نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا،’’گزشتہ رات دریا گنج میں بیت الخلا کے معائنے میں جو پایا، اسے دیکھ کر آپ حیران رہ جائیں گے۔ بیت الخلا میں کھلے میں 50 لیٹر تیزاب پڑا پایا گیا، تصور کریں کہ اس سے کتنی زندگیاں برباد ہوسکتی تھیں۔ پولیس کو بلانے کے بعد تیزاب کو ضبط کر لیا گیا ہے۔ ہم ایس سی ڈی سے اس کا جواب لیں گے اور مجرموں کے خلاف کارروائی کی جائے گی‘‘۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایم سی ڈی کے دریا گنج پبلک ٹوائلٹ کے معائنہ کے دوران سواتی مالیوال ملازمین سے پوچھتی ہیں، یہ کیا ہے؟تب ملازمین سے جواب ملتا ہے کہ یہ تیزاب ہے ، وہ پھر پوچھتی ہیں کہ تیزاب کتنا ہے جس پر ملازمین نے بتایا کہ اس میں تقریباً 50 لیٹر تیزاب ہے۔
اس کے بعد وہ موقع پر موجود ملازمین سے تیزاب کو زمین پر گرا کر دکھانے کے لئے کہتی ہیں اور تیزاب کے چند قطرے نیچے گرتے ہی اس کا اثر نظر آنے لگتا ہے۔ اس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی اور تیزاب ضبط کرلیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی ایم سی ڈی حکام کو بھی نوٹس دیا گیا ہے۔