کرناٹک میں انتخابی ضابطہ اخلاق کے پیش نظر تلاشی مہم

TAASIR URDU NEWS NETWORK –SYED M HASSAN 16 APRIL

بنگلورو ،16اپریل:کرناٹک میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے، اس دوران بدعنوانیوں پر کڑی نظر رکھنے کے لئے چک پوسٹ قائم کئے گئے ہیں۔بد عنوانیوں پر کڑی نظر رکھنے کے لئے تشکیل مختلف اسکواڈ نے گزشتہ16دنوں کے دوران ریاست کے مختلف مقامات پر کارروائی کر تے ہو ئے نقد،شراب، گھریلو سازوسامان، کپڑے،ساڑیاں، اشیاء سمیت تقریباً150 کروڑ روپئے ما لیت کی چیزیں ضبط کی ہیں۔ پو لیس،انکم ٹیکس محکمہ اور اسپیشل اسکواڈ سمیت مختلف اسکواڈس نے29مارچ سے اپنی کارروائی کر تے ہو ئے ووٹرس کو رجحانے کے مقصد سے لے جا رہی مختلف اشیائ،شراب اور نقد جن کی مالیت تقریباً 150 کروڑ روپئے بتا ئی گئی ہے ضبط کی ہے۔ کل مختلف چک پوسٹ پر پولیس اہلکار اور انتخابی افسران نے3.65 کروڑ روپئے نقد ضبط کئے ہیں۔ پدمانابھ نگر اسمبلی حلقے میں 1کروڑ روپئے نقد،جئے نگر اسمبلی حلقے میں 36.20 لاکھ،باگل کوٹ اسمبلی حلقے میں 30لاکھ روپئے اور چامراجہ اسمبلی حلقہ میں 25لاکھ روپئے نقد ضبط کئے ہیں۔ریاست میں انتخابی ضابطہ ء اخلاق کے نفاذ کے بعد سے اسکواڈ نے61.01کروڑ روپئے نقد 18.03 کروڑ روپئے ما لیت کے تحفہ جات ضبط کئے ہیں۔اسی طرح33.40کروڑ روپئے مالیت کی 7.82 لاکھ لیٹر شراب،13.27کرڑ روپئے ما لیت کی 595کلو منشیات،21.28 کروڑ روپئے مالیت 53.30کلو سونے کے زیورات 23.84کروڑ روپئے ما لیت کے 427.09 کلو چاندی کے زیورات کے علاوہ مختلف اشیاء کو ضبط کیا ہے۔ابتک جملہ 149.58کروڑ روپئے ما لیت کی نقد، شراب، گھریلوسازو سامان، کپڑے، ساڑیاں اور دیگر اشیاء ضبط کی گئی ہیں۔ابتک انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے1,262 ایف آئی آر داخل کئے گئے ہیں، اس کے علاوہ ریاست کے مختلف پو لیس تھانوں میں 66,753 ہتھیار جمع کئے گئے ہیں،جبک ہ18ہتھیار کو پولیس نے ضبط کیا ہے۔محکمہ پولیس نے20ہتھیار کے لائسنس منسوح کر دیئے ہیں۔سی آر پی سی ایکٹ کے تحت 3,649معاملات درج کئے گئے ہیں۔