گھر سے اچانک لاپتہ ہوگئے ہیں مکل رائے، معمہ مزید ہوا گہرا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 18 APRIL

کولکاتا، 18 اپریل: مغربی بنگال کے معروف رہنما مکل رائے گھر سے اچانک لاپتہ ہو گئے ہیں۔ وہ کئی دنوں سے بیمار ہیں اور بہت سی چیزیں بھول رہے ہیں۔ ان کے بیٹے اور سابق ایم ایل اے شبھرانشو رائے نے اس سلسلے میں پولیس سے رجوع کیا ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ وہ پیر سے سالٹ لیک میں واقع اپنے گھر سے لاپتہ ہوگئے ہیں۔
سدھانشو رائے نے شمالی 24 پرگنہ کے اپنے رہائشی علاقے بیج پور پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اسی شکایت کی ایک کاپی ایئرپورٹ پولیس اسٹیشن میں بھی جمع کرائی ہے۔ سدھانشو نے دعویٰ کیا ہے کہ دو لوگ آئے اور مکل کو اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ تب سے ابا کی کوئی خبر نہیں ہے۔
یہاں ایک فلائٹ ٹکٹ سامنے آیا ہے جس میں مکل رائے کا نام ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ مکل جو کرشنا نگر نارتھ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر جیت کر ممتا بنرجی کی موجودگی میں ترنمول میں واپس آئے ہیں، پیر کی رات دہلی چلے گئے ہیں۔ انہوں نے کس وجہ سے دہلی کا سفر کیا ہے، صورتحال واضح نہیں ہے۔ ان سے ان کے فون پر بھی رابطہ نہیں ہوسکا اور نہ ہی ان کی بیٹے سے کسی طرح کی کوئی بات ہوسکی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ وہ اپنی مرضی سے دہلی گئے ہیں۔ سیاسی حلقوں میں یہ بھی تذکرے ہیں کہ ٹیچر تقرری بدعنوانی کیس میں بیٹے کا نام سامنے آنے کے بعد وہ بے چین تھے اور شاید اسی لیے وہ دہلی چلے گئے ہیں۔ خدشہ یہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ طبی وجوہات کی بنا پر دہلی گئے ہوں گے۔ پولیس نے اس معاملے میں کچھ نہیں کہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مکل رائے، جو ایک وقت میں ممتا کے بہت خاص تھے، نے 2017 میں بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اس کے بعد، پانچ سال تک ممتا بنرجی اور ان کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی پر خاص طور پر حملہ آور رہے۔ 2021 کے اسمبلی انتخابات میں، انہوں نے کرشن نگر نارتھ سیٹ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی۔ تاہم، پارٹی کی خراب کارکردگی کے بعد، وہ 11 جون 2022 کو وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی موجودگی میں معافی مانگتے ہوئے ترنمول میں واپس آگئے۔