ہماچل کو ترقی یافتہ اور خوشحال ریاست بنانے کا ہدف

Taasir Urdu News Network – MD. ARSHAD 10 APRIL

نئی دہلی :09اپریل (ایجنسی )وزیر اعلیٰ ٹھاکر سکھویندر سنگھ سکھو نے آج نئی دہلی میں ہماچل سوشل باڈیز فیڈریشن کے زیر اہتمام ‘گولڈن جوبلی اور ہماچل ملن پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماچلیوں نے قومی راجدھانی میں ریاست کی شناخت اور ثقافت کو برقرار رکھنے میں بہت زیادہ تعاون کیا ہے اور اس کے لیے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ریاست کی تیز رفتار ترقی کے لئے پرعزم ہے اور آئندہ چار سالوں میں ریاست کی معیشت کو دوبارہ پٹری پر لانے کے لئے سنجیدہ کوششیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے ریاست سے باہر رہنے والے ہماچلیوں کو ریاست کا دورہ کرنے کی دعوت دی اور کہا کہ آنے والے سالوں میں وہ حکومت کی دور اندیش پالیسیوں اور پروگراموں کی وجہ سے ریاست میں مثبت اور تعمیری تبدیلیاںدیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے اگلے دس سالوں میں ہماچل کو ملک کی سب سے ترقی یافتہ اور خوشحال ریاستوں میں سے ایک بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت کا پہلا بجٹ تمام شعبوں کی یکساں ترقی اور خاص طور پر دیہی معیشت کی بہتری پر مرکوز تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام اضلاع کو ہیلی پورٹ سے جوڑنے، کانگڑا ہوائی اڈے کی توسیع، سڑکوں کی حالت کو بہتر بنانے سمیت کئی اختراعی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگڑا ضلع میں سیاحت کو فروغ دینے کے مقصد سے اسے ‘سیاحتی دارالحکومت قرار دیا گیا ہے اور اس علاقے میں زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے بہت سے پرجوش منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔