20لاکھ بے روزگاروں کو نوکری اور روزگار

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 01ST APRIL

پٹنہ:یکم اپریل (مشتاق خاس ) وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ ہم نے 10لاکھ نوجوانوں کو نوکر اور 10لاکھ لوگوں کو روزگار دینے کیلئے کہا ہے ۔ اس کے لئے بہار پبلک سروس کمیشن کو تیزی سے کام کرنا ہوگا۔ امتحان میں کسی بھی قسم کی گڑبڑی نہیں ہو اس کا پورا خیال رکھا جائے ۔ جن لوگوں کو امتحان لینے کی ذمہ داری ملتی ہے وہ اس بات کا دھیان رکھیں کہ امتحان بہترطریقے سے اور صاف ستھرے ماحول میں منعقد ہوسکے۔ کام پوری ایمانداری سے کریں تاکہ کوئی گڑبڑی نہ کرسکیں۔ بہار پبلک سروس کمیشن کے 75ویں یوم تاسیس تقریب سے خطاب کرتےہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ مین امتحان پاس کرنے والے امیدوار جو انٹر ویو میں شامل ہوتے ہیں ان امیدواروں کو ایلویشن پوری شفافیت اور بہتر طریقے سے ہو تاکہ کسی کو کوئی شکایت نہ رہے۔ انہوں نے کہاکہ بہار پبلک سروس کمیشن کا یہ 75واں سال ہے۔ اس کی اور توسیع ہو اور ذمہ داری سونپی جائے تاکہ اور بہتر طریقے سے کام ہوسکے۔ بی پی ایس سی کو جوبھی ضرورت ہے حکومت اس میں تعاون کرگے۔ بی پی ایس سی کے سابق چیئر مین اور دیگر سرکردہ لوگ بھی یہاںموجود ہیں۔ باہر سے آئے مہمان جو پرانے لوگ ہیں سب کا میں خیر مقدم کرتا ہوں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ بی پی ایس سی میں ایک چیئر مین کے ساتھ 10ممبر ہوا کرتے تھےلیکن جھارکھنڈ الگ ہونے کے بعد بی پی ایس سی میں چیئر مین کے ساتھ ممبران کی تعداد 6ہوگئی ہے۔ ابھی 6ممبران میں سے تین ہی اراکین کام کر رہے ہیں۔ تین سبکدوش ہوئے ہیں جن کی جگہ خالی ہے۔ چیف سکریٹری کو مخاطب کرتےہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ ممبرکے خالی عہدوں کو پر کرنے کیلئے جلد کارروائی کی جائے ۔ یہ کام اگلے 5دنوں کے اندر پورا کرلیا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ جب سے ہم کو کام کرنے کا موقع ملا ہے تجربہ کار اور ریٹائر آئی اے ایس افسران کو اس کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ کمیشن میں کسی بھی قسم کی دقت آتی ہے تو حکومت میں اطلاع دی جائے تاکہ ان کمیوں کو بروقت پورا کیا جاسکے۔ بی پی ایس سی کے ممبران کی تعداد بڑھاکر انہیں دیگر کام کی ذمہ داری دی جاسکتی ہے۔ کمیشن میں اسٹاف کی کمی نہ رہے اس کا بھی پورا خیال رکھاجائے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ گزشتہ 18سال سے مختلف عہدوں پر 24ہزار 301تقرریاں کی گئی ہیں اور 45ہزار 892عہدوں پر تقرری کا عمل چل رہا ہے۔ 40ہزار 506ہیڈ ماسٹر کی تقرری جلد کی جانی چاہئے۔تقریب سے وزیر مالیات وجئے کمار چودھری ، چیف سکریٹری عامر سبحانی ، بی پی ایس سی کے چیئر من اتل کمارپرساد ، ممبر امتیاز احمد کریمی نے بھی خطاب کیا۔