جنتر منتر سے انڈیا گیٹ تک پہلوانوں کا کینڈل مارچ

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –23  MAY

جب تک انصاف نہیں ملتا،ہماری یہ جنگ جاری رہے گی : بجرنگ پونیا
نئی دہلی ،23مئی:
ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (WFI) کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے منگل (23 مئی) کو ریسلرز نے کینڈل مارچ نکالا۔ یہ کینڈل مارچ جنتر منتر سے انڈیا گیٹ تک نکالا گیا۔ اس مارچ میں کھاپ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ سابق گورنر ستیہ پال ملک بھی پہلوانوں کی حمایت کرنے انڈیا گیٹ پہنچے تھے۔کینڈل مارچ میں کسان لیڈر راکیش ٹکیت بھی موجود تھے۔ اس دوران پہلوان بجرنگ پونیا نے کہا کہ ہماری بہنوں کی عزت ہمارے لیے جان سے زیادہ عزیز ہے۔ جب تک ملک کی بیٹیوں کو انصاف نہیں ملتا یہ تحریک اسی طرح جاری رہے گی۔ بہت سے لوگ اس تحریک کو بدنام کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، اس لیے میری آپ سے گزارش ہے کہ ہمارا ساتھ دیتے رہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان سے محبت کرنے والے تمام مذاہب اور ذاتوں کے لوگوں کو یہ سوال حکومت سے پوچھنا چاہئے کہ ہمارے چمپئن ایک مہینے سے سڑک پر کیوں احتجاج کر رہے ہیں؟ ان کی جگہ سڑک نہیں، بلکہ میدان ہے۔ ساکشی ملک نے کہا کہ یہ ملک کی بیٹیوں کی لڑائی ہے جس میں آپ سب کو ہمارا ساتھ دینا ہوگا تاکہ ہمیں انصاف مل سکے۔ ہزاروں لوگوں نے جنتر منتر سے انڈیا گیٹ تک انصاف کے لیے مارچ شروع کیا۔ آج ہماری تحریک کو ایک ماہ مکمل ہو گیا ہے لیکن ابھی تک ہمیں انصاف ملنے کی کوئی امید نظر نہیں آ رہی ہے۔پہلوانوں کے مظاہرے میں پہنچنے والے سابق گورنر ستیہ پال ملک نے کہا کہ ان کی بات نہیں سنی جا رہی ہے۔ اگر حکومت درست ہوتی تو برج بھوشن سنگھ جیل میں نظر آتے۔ ملک کے کئی مشہور پہلوان برج بھوشن شرن سنگھ کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے 23 اپریل سے یہاں جنتر منتر پر احتجاج کر رہے ہیں۔برج بھوشن سنگھ پر ایک نابالغ سمیت چھ خواتین پہلوانوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا الزام ہے۔ دہلی پولیس نے گزشتہ ماہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ کیخلاف دو ایف آئی آر درج کی تھیں۔گزشتہ اتوار کو ہریانہ کے روہتک میں پہلوانوں کی حمایت میں کھاپ مہاپنچایت بھی منعقد کی گئی۔ جس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف احتجاج کی حمایت کرنے والی خواتین 28 مئی کو نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے پنچایت منعقد کریں گی، جس دن پی ایم نریندر مودی نئی تعمیر شدہ پارلیامنٹ کا افتتاح کریں گے۔