ہندستانی مرد ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ میچوں کیلئے لندن روانہ

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –22  MAY

بنگلورو ، 22 مئی: ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم پیر کو 26 مئی سے یورپ میں شروع ہونے والے ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ 2022-23 کے میچوں کے لیے لندن ، برطانیہ کے لیے روانہ ہوگئی۔ہندوستانی ٹیم پہلے مرحلے کا آغاز لندن میں کرے گی ، جہاں اس کا مقابلہ دفاعی اولمپک چمپئن بلجیم ( 26 مئی اور 2 جون ) اور میزبان برطانیہ ( 27 مئی اور 3 جون ) سے ہوگا۔ اس کے بعد وہ میزبان نیدرلینڈز ( 7 اور 10 جون ) اور ارجنٹائن ( 8 اور 11 جون) کے خلاف میچوں کے آخری سیٹ کے لیے آئنڈھوون جائیں گے۔
بنگلورو سے ٹیم کی روانگی سے قبل کپتان ہرمن پریت سنگھ نے کہا’ ہمارے پاس ایف آئی ایچ پرو لیگ سیزن کے اختتام پر بہت اہم میچز ہونے والے ہیں۔ ہم اب تک ٹیبل میں مضبوط پوزیشن میں ہیں اور ہم زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ بقیہ میچوں میں جتنا ممکن ہو سکے، ایسا کرنے کی کوشش کریں گے۔ ہم اس دورے کو لے کر پرجوش ہیں کیونکہ یہ ہمیں اچھی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ یہ میچز ہمارے لیے واقعی اہم ہوں گے کیونکہ اس سال کے آخر میںہم اہم ایشین گیمز کی تیاری کر رہے ہیں۔ اپنے حالیہ میچوں میں ہندوستان عالمی چمپئن جرمنی اور آسٹریلیا کے خلاف ناقابل شکست رہا ، جس سے انہیں پول ٹیبل میں سرفہرست رہنے میں مدد ملی۔ نئے مقرر کردہ ہیڈ کوچ کریگ فلٹن کی قیادت میں یہ ہندوستان کا پہلا دورہ ہوگا۔ٹیم کی تیاریوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے، ہرمن پریت نے کہا ’ ہم نے بنگلورو کے ایس اے آئی سینٹر میں منعقدہ قومی کوچنگ کیمپ میں بہت اچھے تربیتی سیشن کیے ہیں۔ تیاری واقعی اچھی رہی ہے، اور رورکیلا میں ہمارا آخری میچ ہمارے لیے بہت بڑا تھا۔ یہ ایک اعتماد بڑھانے والا تھا ، لہٰذا ہم آئندہ میچوں میں اس کارکردگی کو دہرانے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ ہم اسے قدم بہ قدم اٹھائیں گے ، اچھی ہاکی کھیلنے کی کوشش کریں گے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ اپنی رفتار کو جاری رکھیں گے کیونکہ ہمارے پاس ایک طویل دورہ ہے اور ایک مصروف سیزن ہے۔ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم 26 مئی کو 07:10 پر بلجیم کے خلاف ایف آئی ایچ پرو لیگ 2022-23 مہم دوبارہ شروع کرے گی۔
یورپ میں ایف آئی ایچ پرو لیگ 2022 2023- کے میچوں کا شیڈول درج ذیل ہے:
26 مئی 2023، ہندوستان بمقابلہ بلجیم۔
27 مئی 2023، ہندوستان بمقابلہ برطانیہ۔
2 جون 2023، ہندوستان بمقابلہ بلجیم۔
3 جون 2023، ہندوستان بمقابلہ برطانیہ۔
7 جون 2023، بھارت بمقابلہ نیدرلینڈ۔
8 جون 2023، بھارت بمقابلہ ارجنٹائن۔
10 جون 2023، بھارت بمقابلہ نیدرلینڈ۔
11 جون 2023، بھارت بمقابلہ ارجنٹائن۔