آئی پی ایل 2023:جی ٹی کے اسکور کے آگے لکھنؤ بے بس ،گجرات کی56رنوں سے جیت

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN – MAY

احمد آباد، 07مئی:حمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں آج آئی پی ایل ۔2023 کا 51 واں میچ گجرات ٹائٹنز اور لکھنؤ سپر جائنٹس کے درمیان کھیلا گیا۔ کرونا ل پانڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جسے گجرات کے اوپنرز نے غلط ثابت کیا۔ ریدھیمان ساہا اور شبھمن گل نے تیز اننگ کھیل کر میزبان ٹیم کو دووکٹ کے نقصان پر227 کے اسکور تک پہنچا دیا۔ اس مشکل ہدف کے جواب میں ایل ایس جی محض 171 رن ہی بنا سکی اور 56 رن کے بڑے فرق سے میچ ہار گئی۔
ریدھیمان ساہا اور شبھمن گل نے پہلی وکٹ کے لیے 142 رنوں کی پارٹنر شپ کی۔ ساہا نے 43 گیندوں پر 81 رن بنائے۔ ردھیمان نے 188.37 کے اسٹرائیک ریٹ سے 81 رن بنائے جس میں 10 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ ساہا کی وکٹ گرنے کے بعد شبھمن گل نے اننگ کی ذمہ داری سنبھالی اور انہوں نے بھی شاندار نصف سنچری اننگ کھیلتے ہوئے ناٹ آوٹ 94 رن بنائے جس میں 2 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔ کپتان ہاردک پانڈیا نے 15 گیندوں میں 25 اور ڈیوڈ ملر نے 12 گیندوں میں ناٹ آوٹ 21 رن بنائے۔ لکھنؤ کی ٹیم نے 8 گیند بازوں کا استعمال کیا جس میں آویش خان اور محسن خان کومحض ایک۔ایک وکٹ کی کامیابی ہاتھ لگی۔
گجراٹ کی جانب سے دیئے گئے 228 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے لکھنؤ کے اوپنرز نے شاندار آغاز کیا۔ کائل میئرز اور کوئنٹن ڈی کاک نے 8.2 اوورز میں 88 رنوں کی شراکت داری کی۔ کائل میئرز نے 32 گیندوں پر 48 رن بنائے جس میں 7 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ اس کے بعد کوئنٹن ڈی کاک کے علاوہ کوئی اور بلے باز نہ چل سکا۔ ڈی کاک نے 41 گیندوں پر 70 رنوں کی اننگ کھیلی اور انہوں نے اپنی اننگ میں 7 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔ آخر میں آیوش بدونی نے 21 رن بنائے لیکن تب تک ہدف بہت دور ر ہ گیا۔ گجرات کی جانب سے تجربہ کار گیندباز موہت شرما نے 4 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ان کے علاوہ محمد شامی، راشد خان اور نور احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی