آئی پی ایل 2023: اب تک ٹیم کے ہیرو رہے سندیپ کے ’نو بال‘ سے ہار گئی راجستھان رائلز

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –8  MAY

جے پور،08مئی: جے پور کے سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں آج راجستھان رائلز اور سن رائزرس حیدرآباد کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا۔ ٹاس جیتنے کے بعد سنجو سیمسن نے پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا جو درست بھی ثابت ہوا۔ یشسوی جیسوال نے اننگ کا شاندار آغاز کیا۔ وہیں جوس بٹلر کے شاندار 95 اور سنجو سیمسن کی نصف سنچری اننگ کی بدولت راجستھان نے دووکٹ کے نقصان پر214 کا بڑا اسکور بنایا۔ اس ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے مہمان ٹیم حیدرآباد سن رائزرز نے آخری گیند پر جیت درج کی ۔میچ کے دوران زبردست اتارچڑھاو دیکھنے کو ملا۔
215 رنوں کے مشکل ہدف کے تعاقب میں سن رائزرس حیدرآباد کی شروعات اچھی رہی۔اوپنر انمول پریت سنگھ نے 33 رن بنائے جبکہ ابھیشیک شرما نے 55 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی۔ راہل ترپاٹھی (47 رن) اور ہینرک کلاسن (26 رن) نے مڈل آرڈر میں اہم کردار ادا کیا۔ ایک موقع پر سن رائزرز کو 2 اوور میں جیت کے لیے 41 رن درکار تھے لیکن 19 ویں اوور میں حیدر آباد نے گلین فلپس کے لگاتار 3 چھکوں کی مدد سے اس اوور میں 24 رن بنائے۔ آخری اوور کی آخری گیند پر ڈرامہ دیکھنے میں آیا جس میں آخری گیند پر 5 رن درکار تھے۔حیدرآباد کے بلے باز عبدالصمد نے کیچ جوس بٹلر کو تھما دیا لیکن امپائر نے اسے نو بال قرار دیا۔ فری ہٹ ملنے پر عبدالصمد نے چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو دلچسپ میچ جیت دلوادی۔ آر آر کی جانب سے یوزویندر چہل نے چار جبکہ کلدیپ یادو اور روی چندرن اشون نے ایک ایک وکٹ لئے۔
اس سے قبل راجستھان رائلزکے اوپنر یشسوی جیسوال نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور پہلے 5 اوور میں ٹیم کے لیے 54 رن جوڑے۔ یشسوی نے 18 گیندوں میں 35 رنوں کی اننگ کھیلی جس میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ پہلی وکٹ گرنے کے بعد جوس بٹلر اور سنجو سیمسن نے طوفانی شراکت داری کی۔ دونوں بلے بازوں نے مل کر دوسری وکٹ کے لیے 138 رن جوڑے۔ جوس بٹلر نے 95 رنوںکی اننگ کھیلی جس میں 10 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ سنجو سیمسن نے شاندار نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 38 گیندوں پر 66 رن کی ناٹ آوٹ اننگ کھیلی۔ راجستھان رائلز نے 20 اوورز میں 2 وکٹ پر 214 رن بنائے۔ سن رائزرز حیدرآباد کی جانب سے مارکو جانسن اور بھونیشور کمار نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔