TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –21 MAY
نئی دہلی ،21مئی:آئی پی ایل 2023 میں دو بار کی چمپئن کولکاتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کا سفر ہفتہ کو ختم ہوا۔ یہ ٹیم پلے آف کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکی اور لیگ مرحلے سے ہی باہر ہو گئی۔ کے کے آر کو اپنے آخری لیگ میچ میں لکھنؤ کی ٹیم کے خلاف سنسنی خیز شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم ٹیم کے بلے باز رنکو سنگھ نے اکیلے ہی جیت کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے۔ اپنی ٹیم کی شکست کے باوجود، کپتان نتیش رانا نے رنکو سنگھ کی تعریف کی اور کہا کہ پوری دنیا نے دیکھا ہے کہ وہ کرکٹ کے میدان میں کیا کر سکتا ہے۔
موجودہ سیزن کے 68ویں میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لکھنؤ سپر جائنٹس کی ٹیم نے مقررہ 20 اووروں میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 176 رن بنائے اور کے کے آر کی ٹیم جواب میں صرف 175 رنز ہی بنا سکی۔ کے کے آر کے لیے رنکو سنگھ آخر تک ڈٹے رہے۔ آخری دو اووروں میں کے کے آر کو جیت کے لیے 41 رنز اور آخری تین گیندوں پر 18 رنز درکار تھے۔ اگرچہ رنکو سنگھ نے ان تین گیندوں پر دو چھکے اور ایک چوکا لگایا لیکن ایک رن سے اپنی ٹیم کی شکست کو نہ ٹال سکے۔ انہوں نے 33 گیندوں پر 67 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
رانا نے کہا کہ رنکو نے آئی پی ایل 2023 کے لیے بہت محنت کی ہے اور انہوں نے تمام 14 میچوں میں صرف ان کے بارے میں بات کی۔ کے کے آر کے کپتان نے کہا،مجھے لگتا ہے کہ میں نے جن 14 میچوں کی کپتانی کی ہے، میں نے صرف رنکو سنگھ کے بارے میں بات کی ہے۔ وہ میرے بہت قریب ہے اور میں جانتا ہوں کہ اس نے کتنا اچھا کام کیا ہے۔ میرے پاس رنکو کی تعریف کے لئے الفاظ نہیں ہیں۔ اگر وہ ان مشکل حالات میں اس طرح بیٹنگ کر سکتا ہے تو آپ جانتے ہیں کہ وہ کتنا اچھا ہے۔
رنکو سنگھ نے اس سیزن میں اپنے بلے سے کئی یادگار اننگز کھیلیں۔ گجرات ٹائٹنز کے خلاف آخری اوور میں لگاتار پانچ چھکے لگا کر اپنی ٹیم کو فتح دلانا ایک خاص لمحہ تھا۔ انہوں نے 14 میچوں میں 59.25 کی اوسط اور 149.52 کے اسٹرائیک ریٹ سے 474 رن بنائے۔ اس دوران ان کے بلے سے چار نصف سنچریاں بھی آئیں۔ رنکو نے سیزن کے دوران تعاقب کرتے ہوئے 300 سے زیادہ رنز بنائے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس نے دباؤ کو کتنی اچھی طرح سے سنبھالا۔